قوم مینڈیٹ کی توہین پرپی ٹی آئی کو کبھی معاف نہیں کرے گی، سردار حسین بابک

جمعہ 31 اکتوبر 2014 12:37

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے ترجمان اور صوبائی اسمبلی میں اے این پی کی پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جو قوم کو موجودہ بحرانوں سے چھٹکارا دلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔صوبائی حکومت امن کی بحالی ، لوگوں کو روزگار دینے ، تعلیمی اصلاحات لانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے باچاگڑھی چارسدہ پی کے 21 میں تین نومبر کو ہونے والی ضلعی ورکرز کنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے کیا جس کی صدارت سید باقر شاہ کر رہے تھے۔اس موقع پر اے این پی کے مرکزی فنانس سیکرٹری ارباب محمد طاہر خان خلیل ، مختیار خان یوسف زئی اور سابقہ وزیر اعلیٰ کے مشیر سید معصوم شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے پانچ سالہ دورحکومت میں جو کارنامے انجام دئیے ہیں وہ گزشتہ 65 سال میں کسی حکومت نے بھی نہیں کیے اور نہ ہی کوئی مائی کا لعل آئندہ مزید 65 سالوں تک انجام دے سکے گا۔

ہم نے اپنے دورحکومت میں صوبے میں آٹھ نئی یونیورسٹیاں تعمیر کیں ، 47 نئے ڈگری کالجز بنائے ، پختونوں کو اپنے نام کی شناخت خیبر پختونخوا دیا، اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبے کے تمام حقوق مرکز سے منتقل کیے۔اُنہوں نے کہا کہ اے این پی نے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ اللہ کے فضل سے ہم نے پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان کی قیادت میں ایک ایک کر کے سارے پورے کر دکھائے۔

اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت مفلوج ہے اور عوام کیلئے کچھ نہیں کر سکتی۔ عوام کو مہنگائی ، بیروزگاری ، امن و امان کی غیر یقینی صورتحال سے دوچار کیا۔ قوم اور تاریخ ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے میں ہر گھر سے رونے کی آواز آرہی ہے ہر گھر میں ماتم ہے چوری، ڈکیتی ، ٹارگٹ کلنگ اغواء برائے تاوان کی وارداتیں روزمرہ کا معمول بن چکی ہیں اور وزیر اعلیٰ اور اُن کی کابینہ کے دیگر وزراء اسلام آباد میں ٹیلیویژن کی سکرین پر ناچتے اور گنگناتے نظر آتے ہیں جو کہ صوبے کی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے تبدیلی کا جو نعرہ لگایا تھا وہ لوگوں کی آنکھوں میں محض دھول جھونکنا تھا۔ عوام اب بیدار ہو چکی ہے اور اُن کے خالی ہولی نعروں پر یقین نہیں کرینگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں