محکمہ آبپاشی کی تمام تقرریاں اور تبادلے خالصتاً میرٹ اور قانون کے مطابق کئے جائیں،محمودخان

جمعہ 19 ستمبر 2014 16:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ محکمہ آبپاشی کی تمام تقرریاں اور تبادلے خالصتاً میرٹ اور قانون کے مطابق کریں تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو اور حقدار کو اس کا حق مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں کسی بھی مجاز افسر کو میرٹ اور قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جبکہ اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے شعبے کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

محمود خان نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ کی نیک نامی اور دیگر محکموں کیلئے قابل تقلید مثالی محکمہ بنانے کیلئے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی سے کرپشن کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے قلیل عرصے میں اصلاحات اور تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر سرکاری اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کر کے نہ صرف ان پر عوام کا اعتماد بحال کیا ہے بلکہ ان کی کارکردگی ماضی سے کئی گنا بہتر کی ہے ۔محمود خان نے کہا کہ محکمہ آبپاشی میں ای ٹینڈرنگ سسٹم کا آغاز کیا ہے جس سے کرپشن اور اقرباء پروری کا راستہ بند ہو جائیگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں