آئی ایس ایف متاثرین وزیرستان کو تنہا نہیں چھوڑے گی

جمعہ 25 جولائی 2014 16:54

پشاور(‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء)انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آئی ایس ایف شمالی وزیرستان کے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ،مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین وزیرستان کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ان خیالات کااظہار انھوں نے تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد آئی ایس ایف کی افطار پارٹی اور نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تحریک انصاف کی مرکزی رہنما فوزیہ قصوری ،صوبائی صدر خواتین ونگ ڈاکٹر مہر تاج روغانی، اراکین صوبائی اسمبلی عائشہ نعیم، نرگس ، شوکت یوسفزئی اورآئی ایس ایف خواتین ونگ کی صدر سمیرا شمس بھی موجودتھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس ایف کے صوبائی صدر سہیل آفریدی نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی تکالیف کا اندازہ ہے ،آئی ایس ایف کے نوجوان بنوں ،ڈی آئی خان پشاور اور دیگر اضلاع میں موجود آئی ڈی پیز کی بہتر دیکھ بھال کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کئی مقامات پر امداد ی کیمپس لگائے گئے ہیں جبکہ فیلڈ میں بھی آئی ایس ایف کے نوجوان اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ متاثرین وزیرستان کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔سہیل آفریدی نے اس موقع پرآئی ایس ایف ضلع پشاور کے نومنتخب صدر ظاہر مہمند، جنرل سیکرٹری اشفاق مروت و دیگر کابینہ اور یونیورسٹی کیمپس پشاور کے نومنتخب صدر شفقت ایاز سے ان کے عہدوں کا حلف بھی لیا۔تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ قصوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متاثرین وزیرستان کیلئے قومی پالیسی کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں