میٹروبس منصوبہ ، فٹ پاتھ کے ساتھ گرل لگانے کا کام شروع

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:07

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء)ملتان میٹرو بس سسٹم کے ذریعے سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ہزاروں طلباء طالبات کو سفر کی بھر پور سہولت فراہم کرنے کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں اور خصوصی پلان تیا ر کیاجارہا ہے ۔ اسی پلان کے تحت بہائوالدین زکریا میٹرو بس اسٹیشن کے قریب فٹ پاتھ کے ساتھ گرل لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔

یہ سٹیل گرل بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے 30ہزار سے زائد طلباء طالبات کی سہولت کے لئے یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ سے میٹرو بس اسٹیشن کی سیڑھیوں تک لگائی جارہی ہے تاکہ رش کے اوقات میں کیرج وے سے گزرنے والی عام ٹریفک کے بہائو میں خلل نہ پڑے اور طلباء وطالبات بھی بغیر کسی مداخلت کے میٹرو بس اسٹیشنز تک آجاسکیں ۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے کشادہ فٹ پاتھ تعمیر کئے گئے ہیں اور ان پر اعلیٰ کوالٹی کی ٹف ٹائل لگائی گئی ہے ۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق میٹرو بس روٹ پر صبح صادق سے رات گئے تک میٹروبس سروس میسر ہوگی اور ایک میٹرو بس کے میٹرو اسٹیشن چھوڑنے کے تین سے پانچ منٹ کے وقفے میں دوسری میٹرو بس دستیاب ہوگی ۔اس طرح طلباء وطالبات 20روپے میں ائیر کنڈیشنڈ ، آرام دہ ، محفوظ اور تیز رفتار سفر کی سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے ۔ توقع ہے کہ بی زیڈ یونیورسٹی انتظامیہ کو کیمپس سے مرکزی گیٹ تک طلباء و طالبات اور سٹاف کو شٹل سروس فراہم کرنا ہوگی تاکہ وہ میٹرو بس اسٹیشن تک پہنچ سکیں ۔

اس اقدام سے یونیورسٹی انتظامیہ کو بسوں پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ہوگی ۔ایک اندازے کے مطابق میٹرو بس روٹ پر ایک سو سے زائد سرکاری و نجی سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز واقع ہیں اور صرف بوسن روڈ پر روزانہ 70ہزار طلباء و طالبات سفر کرتے ہیں ۔ملتان شہر کے 11مصروف ترین روٹس پر فیڈر بسیں چلانے کا کنٹریکٹ بھی دے دیا گیا ہے۔

ان روٹس پر 100ائیرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جارہی ہیں جس پر میٹروبس کارڈ کے ذریعے سفر کرنے والوں کو خصوصی رعایت دی جائے گی۔ ان بسوں پر میٹرو بس کارڈ کے بغیر سفر نہیں کیا جاسکے گا۔ میٹرو بس اور فیڈر بس پر سفر کرنے کے حوالے سے کرائے کی ادائیگی بھی انتہائی دلچسپ امر ہے۔ میٹرو بس پر سفر کرنے کے بعد پہلی فیڈر بس پر سفر فری ہوگا جبکہ دوسری فیڈر بس میں سفر کرنے کی صورت میں صرف پانچ روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔

اسی طرح اگر کوئی شہری فیڈر بس میں سوار ہوتا ہے تو اس سے میٹرو بس کارڈ کے ذریعے 15روپے چارج کئے جائیں گے۔ فیڈر بس کے بعد اگر وہ میٹرو بس پر سفر کرے گا تو اس سے بھی صرف پانچ روپے مزید وصول کئے جائیں گے۔ مندرجہ بالا 11روٹس کو میٹرو بس اسٹیشنز سے لنک کیا گیا ہے۔اسی طرح چونگی نمبر9کے میٹرو بس اسٹیشن کے ساتھ طلباء و طالبات کو لینے کے لئے آنے والے والدین کے لئے انتظار گاہ کے طور پر خوبصورت سٹنگ ایریا تعمیر کردیا گیا ہے۔امید ہے کہ میٹرو بس سسٹم کے فنکشنل ہونے سے والدین پر طلبا ء و طالبات کے سفری اخراجات کا بوجھ کم ہوگا اور سڑکوں پر ٹریفک کے دبائو میں بھی کمی واقع ہوگی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں