ضلعی حکومت ملتان نے رواں سال ساڑھے 3۔ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرلئے ،ڈی سی اونادرچٹھہ

منگل 27 دسمبر 2016 18:07

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر ملتان نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت نے رواں سال ساڑھے 3۔ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جن میں سڑکوں کی اپ گریڈیشن ، سیوریج اور دیگر سکیمیں شامل ہیں۔ملتان میں صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 3۔کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے بنیادی مراکز صحت میں تعمیر و مرمت کے کام کرائے گئے تاکہ شہریوں کو سستے علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت ’’رنگ دو ملتان‘‘ کے عنوان سے منفرد منصوبہ شروع کرنے جارہی ہے جس میں تمام تاریخی عمارات اور آبادیوں کو مختلف رنگوں میں رنگ کرکے نیا روپ دیا جائے گا۔ ان رنگوں کے ذریعے ملتان کی صدیوں پرانی تہذیب کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں منعقدہ ضلعی ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

تمام قومی تعمیر نو کے محکموں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او نادر چٹھہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چارج سنبھالتے ہی شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے 80لاکھ روپے کے فنڈز سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا جس کے نتیجے میںاڑھائی لاکھ پودے لگائے گئے۔شہر میں 5نئے پارکوں کی تعمیر کا بھی آغاز ہوچکا ہے جس کے لئے پی ایچ اے کو 250ملین روپے بھی جاری ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں سیوریج مسائل حل کرنے کے لئے نیسپاک کے تعاون سے واسا کا ماسٹر پلان بھی تیار کیا جارہا ہے ۔حکومت پنجاب نے اس حوالے سے 8کروڑ روپے سے زائد دینے کا وعدہ بھی کیا ہے ۔بعد ازاں اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں