ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ کی کتاب کی تعارفی تقریب

اتوار 25 دسمبر 2016 21:00

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء)معروف ناول نگار ،افسانہ نگار،شاعرہ اورسابق رکن قومی اسمبلی محترمہ بشریٰ رحمن نے کہاہے کہ ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ کی شاعری کی مہک اب دوردورتک پھیل چکی ہے ۔انہوںنے شاعری میں بتدریج سفرکیااورہمیں ان کے ہاں ارتقاء تسلسل کے ساتھ دکھائی دے رہاہے ۔ڈاکٹرنجمہ نے ڈیرہ غازیخان میں بیٹھ کرلفظوں کے چراغ روشن کئے ہیں ۔

ملتان ٹی ہائوس میں ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ کی کتاب ’’پھول خوشبواورتارہ ‘‘کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ بشریٰ رحمن نے مزیدکہاکہ مجھے خوشی ہے کہ اس خطے میں خواتین اب اپنی پہچان کرارہی ہیںا وران کی آوازدوردورتک سنائی دے رہی ہے ۔مجھے جب بھی ملتان ،بہاوپور،ڈیرہ غازیخان سے کوئی بلاتاہے تومیں خوشی کے ساتھ یہاں آتی ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ملتان میرامیکہ ہے یہاں کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی کی رکن کی حیثیت سے بھی میں نے سرائیکی وسیب کے حقوق کے لئے آوازبلندکی اورایک قلمکارکی حیثیت سے بھی میں یہ فریضہ انجام دے رہی ہوں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ نے کہاکہ ملتان مجھے حوصلہ دیتاہے ،میرے لئے شاعری روح کی غذاہے یہ مجھے میرے ہونے کااحساس دلاتی ہے ۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹرمحمدمختارنے کہاکہ ڈاکٹرنجمہ شاہین کی شاعری اس وسیب کی آوازہے اورمجھے خوشی ہوتی ہے کہ میری بیٹی کی آوازدنیابھرمیں سنی جارہی ہے ۔تقریب کے مہمان اعزازڈاکٹرمحمدآصف اورڈاکٹرمحسن مگھیانہ تھے ۔اس موقع پرشاکرحسین شاکر ،رضی الدین رضی ،قمررضاشہزاد،وسیم ممتاز ،ڈاکٹرمحمدامین ،اظہرسلیم مجوکہ ،رہبرصمدانی ،سلیم ناز،افضل چوہان ،حامدرضا،رضوانہ تبسم درانی ،پروفیسربشریٰ قریشی ،نیئر رانی شفق اورڈاکٹرشاہینہ نجیب کھوسہ نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں محترمہ بشریٰ رحمن اورڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ کوادیبوں ،شاعروں اوردانشوروں کی جانب سے پھول اورتحائف بھی پیش کئے گئے ۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں