میپکو قومی مفاد میں بجلی چوروں کیخلاف مہم چلارہی ہے،چیف ایگزیکٹو

جمعرات 22 دسمبر 2016 21:47

ملتان۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے کہا ہے کہ میپکو قومی مفاد میں بجلی چوروں کیخلاف مہم چلارہی ہے ، بجلی ملک اور ایماندار صارفین کا قیمتی اثاثہ اور ہم اس کے رکھوالے ہیں ، میپکو اپنے ڈسٹری بیوشن سسٹم کی استعداد اپنے صارفین کی ضروریات کے مطابق بڑھارہی ہے جس سے وولٹیج کی کمی اور اوورلوڈنگ کا خاتمہ ہوجائیگا ، وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں سپرنٹنڈنگ انجینئرز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ، انہوں نے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ ڈسٹری بیوشن سسٹم کی بحالی اور استعدادمیں اضافے کے منصوبے جلد از جلد مکمل کئے جائیں تاکہ آئندہ موسم گرما میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جاسکے ،انہوں نے کہا کہ ریجن بھر میں مختلف استعدادکار کے ٹرانسفارمرز فراہم کئے ہیں ان کی جلد از جلد تنصیب مکمل کی جائے،سرکاری نادہندہ اداروں اور پرائیویٹ صارفین سے واجبات کی وصولی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اور عدم ادائیگی پر سخت کارروائی کی جائے ،انہوں نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی اور بازاروں، مارکیٹوں ، شاپنگ سنٹرز ، پلازوں اور بڑے صارفین کے کنکشنز کی چیکنگ کی جائے ، انہوں نے کہا کہ ایس ایز اپنے سرکلوں کے زیر انتظام ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں ،اس موقع پر چیف انجینئر کسٹمرسروسز محموداحمد خان نے کہا کہ سیکرٹری وزارت پانی وبجلی نے آئندہ ماہ لائن لاسز اور ریکوری کے اہداف حاصل نہ کرنیوالے افسران کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیاہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ساہیوال سرکل میں بجلی چوری پکڑنے پر سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل ساہیوال چوہدری محمد صدیق کو شاباش دی،اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایچ آر محمد نعیم اللہ، چیف انجینئر آپریشن سرفرازاحمد ہراج، چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شاہد حمید چوہان، چیف انجینئر پلاننگ کیپٹن (ر)سرفرازاحمد خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آئی ایس میاں ندیم احمد، پراجیکٹ ڈائریکٹرکنسٹرکشن غیاث محمود،ڈائریکٹر کمرشل میاں رحمت اللہ، منیجر ایم اینڈ ٹی عباس لاشاری اور محمد یعقوب،9آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ڈپٹی کمرشل منیجرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں