زکریایونیورسٹی میں ایک طلباء تنظیم اورآئوٹ سائیڈرکاہنگامہ

پیر 19 دسمبر 2016 23:41

ملتان۔19 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء)بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے ریذیڈنٹ آفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ19دسمبرکودن گیارہ بجے ایک طلباء تنظیم کے آئوٹ سائیڈر ز جن میں یونیورسٹی کے طالب علم رانا عثمان ، چوہدری ابراہیم ، آکاش چوہان ، رانا فراز ، وقاص بلوچ ، عمر فاروق ، احمد بگتی ، اصغر شاہ ، دانش کھوکھر، سہیل وینس اور وقاص اپنے چالیس پچاس آئوٹ سائیڈرز کے ساتھ یونیورسٹی گیٹ پر آئے اور زبردستی مین گیٹ کھول کر یونیورسٹی میں داخل ہوگئے اور نعرہ بازی کرتے رہے جب مقامی پولیس موقع پرپہنچی تو پھر یہ لوگ نعرے بازی کے بعد منتشر ہوگئے۔

یونیورسٹی کے باقاعدہ طالب علموں نے ان کا ساتھ نہ دیا‘یونیورسٹی میں امتحانات اور کلاسز پڑھانے کا سلسلہ جاری رہا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے الزام عائد کیاکہ یہ ساری کارروائی یونیورسٹی کے ان اساتذہ کی طرف سے کرائی گئی جن کے خلاف یونیورسٹی میں انکوائریاں چل رہی ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے کہاہے کہ ہم یونیورسٹی کا ماحول ہرگز خراب نہیںہونے دیں گی․واضح رہے کہ ان شرپسند طلباء عناصر کے خلاف پہلے بھی پولیس میں780 اے کے مقدمات درج ہیں اور ان کے خلاف یونیورسٹی ڈسپلن کمیٹی نے پہلے بھی کارروائی کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے امن و امان کو ہرصورت برقرار رکھا جائے گا اور ان کے پشت پناہ عناصر کے خلاف سخت کاروائی باضابطہ طور پر عمل میں لائی جائے گی اوراس سلسلہ میں یونیورسٹی نے اس واقعہ کی مقامی پولیس اسٹیشن پر ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دے دی ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں