پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے کوئی ا س کی ترقی کو نہیں روک سکتا،گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

ہفتہ 17 دسمبر 2016 23:50

! ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے‘ کوئی ا س کی ترقی کو نہیں روک سکتا،عزم اور حوصلہ سے سب کچھ ہوسکتا ہے ،اپنے خوابوں کو مرنے نہ دیں، ہمیشہ زندہ رکھیں، ہم ستاروں پر کمند ڈال سکتے ہیں۔ ہماری طالبات میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں‘ انہیں ملک اور قوم کی خدمت کے لئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،طالبات کو تعلیم حاصل کرنے کے بعد گھر بیٹھنے کے بجائے عملی میدان میں آکر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا،ہمارے ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے ،ہمیں عام انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہئے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار دی وومن یونیورسٹی ملتان کے پہلے کانووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین ‘ وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ حسنین‘ پرووائس چانسلر ڈاکٹر شگفتہ ‘ مختلف فیکلٹی کی ڈینز ڈاکٹر عصمت ناز‘ پروفیسر قدسیہ خاکوانی‘ پروفیسر رفعت انیس‘ ڈاکٹرثمینہ خاکوانی‘ وائس چانسلر محمد نواز شریف ایگریکلچر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی‘ ایم پی اے خولہ امجد‘ ایم پی اے رانا محمود الحسن‘ بیرسٹر محمد علی کھوکھر‘ملک اعجاز رجوانہ‘ یونیورسٹی اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں،طلباء و طالبات کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی جاری ہے، بیرون ملک پی ایچ ڈی سکالرشپ‘ پسماندہ علاقوں کے طلباء وطالبات کی فیس ری ایمبرسمنٹ سکیم‘ لیپ ٹاپ کی فراہمی اور پیف سکالرشپ سے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم ہورہے ہیں، حکومت نے تعلیمی شعبے کو خصوصی ترقی دے کر جنوبی پنجاب میں کئی نئی یونیورسٹیاں ‘ میڈیکل کالجز بنا کر اس علاقے کے طلباء و طالبات کے لئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مذہب بھی ہمیں تعلیم حاصل کرنے کا درس دیتا ہے، آج اپنی ڈگریاں اور گولڈ میڈلز حاصل کرنے والی طالبات‘ ان کے والدین اور اساتذہ مبارک باد کے مستحق ہیں، ان طالبا ت کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ اپنے اساتذہ کی عزت کریں ،وہ جس جگہ بھی جائیں اپنے ادارے کا نام بلند کریں اور جو آج گولڈ میڈلز انہیں عطاکئے گئے ہیں ان کو وہ اپنی والدہ کی گو د میں ڈالیں جن کی محنت اور دعائوں سے آپ لوگ آج اس مقام پر پہنچے ہیں،گورنر پنجا ب نے مزید کہا کہ بیٹیاں اللہ تعالیٰ کی نعمت ہوتی ہیں، اللہ ان کے نصیب اچھے کرے اور وہ ہمیشہ خوش رہیں، ہمیں اپنی ان بیٹیوں کی اچھی تعلیم و تربیت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے صلاحیتوں اور ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانا چاہئے، وہ آج بہترین ڈاکٹرز‘ انجینئرز‘ پائلٹ ‘ اساتذہ سمیت دیگر شعبوں میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے ملک کی خدمت کر رہی ہیں، انہوںنے مزید کہا کہ آپ لوگ ہمارا سرمایہ ہیں، ہمیں آپ سے بہت سی توقعات ہیں ‘ پاکستان کا مستقبل آپ سے وابستہ ہے، ہمیں قومی ایجنڈے پر کام کرنا ہوگا اسی صورت میں ہمارا ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم اللہ‘ عوام اور اپنے ضمیر کے سامنے سرخروہوسکیں،گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ وومن یونیورسٹی ملتان کے حوالے سے جو مطالبات کئے گئے ہیں، ان کو حل کرنے کے لئے تمام وسائل اور کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی تاکہ اس ادارے کو ہم بہترین اور اعلیٰ میعارپر لے جائیں، کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ حسنین نے کہا کہ وومن یونیورسٹی ملتان نے بہت ہی کم عرصے میں تیزی سے ترقی کا سفر طے کیا ہے،یونیورسٹی کو نامساعد حالات سے نکال کر ترقی کی طرف گامزن کردیا گیا ہے، تحقیق پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے‘ آئی ٹی لیبزاور سائنس لیبارٹریز کو جدید آلات اور سامان سے آراستہ کردیا گیا ہے‘ نئے شعبہ جات کا آغاز کیا گیا ہے ، تحقیقی سرگرمیوں کو تقویت دینے کے لئے دیگر یونیورسٹیوں اور پروفیشنل اداروں کے ساتھ ایم او یو سائن کئے گئے ہیں تاکہ ہماری طالبات کو بہتر تحقیقی سہولیات میسر آسکیں‘ یونیورسٹی میں باقاعدگی سے کانفرنس‘ سیمینار اور ورکشاپس کا انعقاد کرایا جارہا ہے جس سے طالبات کو اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے مواقع مل رہے ہیں،یونیورسٹی اساتذہ کی تعلیمی استعداد کار کو بہتر بنانے کے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی داخلہ جات ‘ خالی آسامیوں پر جاب کے لئے درخواستوں اور دیگر معاملات کو آن لائن سسٹم سے منسلک کردیا گیا ہے،حالات کے پیش نظریونیورسٹی میں سکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، یونیورسٹی میں اس وقت 3533طالبات زیرِ تعلیم ہیں ، یونیورسٹی میںپی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاکٹوریٹ پروگرام کا آغاز بھی کردیا گیا ہے ، وائس چانسلر شاہدہ حسنین نے مطالبہ کیا کہ وومن یونیورسٹی متی تل کیمپس میں یونیورسٹی کے لئے مزید اراضی کی ضرورت ہے اگر وہ مل جائے تو اس سے یونیورسٹی کو مسقبل میں بہت فائدہ ہوگا، کانووکیشن میں 620طالبات کو ڈگریاں ایوارڈ کی گئیں اور15طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازاگیا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں