عمران خان قلابازی اوریوٹرن کے ماہر ،پاناما لیکس پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرنے والے اب خود کمیشن کے قیام سے بھاگ رہے ہیں،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،سی پیک خطے کے لئے ایک گیم چینجر ہے، 2 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا صوبائی وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان کا بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب،میڈیا سے گفتگو

بدھ 14 دسمبر 2016 21:28

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) صوبائی وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان قلابازی اوریوٹرن کے ماہر ہیں۔ پاناما لیکس پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرنے والے اب خود کمیشن کے قیام سے بھاگ رہے ہیں۔عوام نے عمران خان اور تحریک انصاف کی سیاست کو مستردکردیا ہے۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

سی پیک اس خطے کے لئے ایک گیم چینجر ہے جس سے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا، 2 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔وہ گزشتہ روز بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو پارلیمنٹ کے خلاف بول رہے تھے اور انہوں نے مسئلہ کشمیر اور ترکی کے صدر کی آمد پر پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کیا آج وہ یو ٹرن لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ وہی لوگ ہیں جو پاکستان میں انارکی اور سیاسی عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری نہ ہو، اب وہ کس منہ سے پارلیمنٹ میں آنا چاہ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب دُنیا کا رخ پاکستان کی طرف ہو چکا ہے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جس سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے۔موجودہ حکومت نے 3 سال میں 16 میگا واٹ بجلی کی پیداوار کے منصوبے شروع کئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ پر توجہ دینی چاہیے تاکہ وہاں لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر ہوںاور ان کی مشکلات کم ہوں۔ وفاقی حکومت کو کسی بھی قسم کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بلاول بھٹو ابھی امیچور ہے ، خالی بڑکیں مارنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا ، اس کے لئے عوام کی خدمت کرنا پڑتی ہے ، پہلے سندھ کے اندر تو حالات کو قابو کریں ، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں صرف نواز شریف کی وجہ سے امن قائم ہے ،پیپلز پارٹی کی سندھ میں گزشتہ پانچ سال حکومت رہی ہے مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا۔

ایک اور سوال کے جواب میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ سانحہ حویلیاں کے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں ، اس کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوصلہ ، ہمت ، عزم اور استدلال سے قومیں آگے بڑھتی ہیں، ہمارے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ان کی بہترین تعلیم و تربیت اور صحیح خطوط پر آبیاری میں ہی ملک کی ترقی مضمر ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے طلباء و طالبات کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ایک وژن دیا اورعملی طور پر انقلابی اقدامات کئے ہیں۔آج ہمارے نوجوان تیزی سے اپنا تعلیمی سفر طے کر رہے ہیں۔حکومت پنجاب نے -17 ارب روپے مالیت کے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ، لیپ ٹاپ سکیم ، بیرون ملک حصولِ تعلیم کیلئے وظائف کا اجراء ، نئی یونیورسٹیوں، کالجز، سکولوں کا قیام ، تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ، میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی جیسے اقدامات کر کے تعلیمی شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔

ان اقدامات کی بدولت ایک عام آدمی کے بچے بھی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں،ہمارے یہی نوجوان پوری دنیا میں اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھ رہے ہیں۔ اُنہوں نے ان خیالات کا اظہار بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے جناح آڈیٹوریم میں پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے وظائف کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین ، وائس چانسلر محمد نواز شریف ایگری کلچر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی ، چیف ایگزیکٹو پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ ڈاکٹر کامران شمس ، ممبر صوبائی اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی، رانا محمودالحسن ، ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر ملتان نادر چٹھہ ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن سرفراز احمد ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز بی زیڈ یو پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف خان، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد رانا ،ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملتان اشفاق احمد گجر، یونیورسٹی اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ سی پیک اس خطے کے لئے ایک گیم چینجر ہے جس سے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا، 2 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔آج پاکستان نے اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کر لیا ہے اب دنیا کے ترقی یافتہ ممالک برطانیہ ، ترکی، چین ،وسط ایشیائی ریاستیں پاکستان کا رُخ کر رہے ہیں جس سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گااور ہماری معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو گی ۔

صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہماری آبادی کا 62 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بہت سے انیشیٹو لئے اور انہیں پلیٹ فارم مہیا کئے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھر پور طریقے سے مظاہرہ کر سکیں۔ آج پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کی بدولت طلباء پاکستان اور بیرون ملک ایم فل اور پی ایچ ڈی تک تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے 1999ء میں امتحانی نظام میں نقل کا خاتمہ کر کے ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا اور 2009ء سے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا آغاز کر کے طلباء و طالبات کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کی سہولت فراہم کی۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب 53 ہزار سکولوں کے نیٹ ورک کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا صوبہ ہے ۔ 40 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں، اساتذہ کی مزید میرٹ پر بھرتی جاری ہے جو آئندہ سال تک سوا لاکھ ہو جائے گی۔

تمام سکولوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد عام لوگوں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے جس کے لئے حکومتِ پنجاب تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء ہمارا فخر ہیں جو پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں،گارڈ آف آنر جو پہلے بڑے بڑے وزراء اور بیوروکریٹس کو دیا جاتا تھا وہ اب پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات کو دیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی کاموں پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے ۔ دیہی علاقوں سے شہروں کو ملانے والی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جا رہی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے میٹرو بس کا تحفہ دیا ہے جس میں عام لوگ جدید سفری سہولتوں سے مستفید ہوں گے، عنقریب وزیر اعلیٰ پنجاب اس کا افتتاح کریں گے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی میدان میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے جو کہ انتہائی قابل فخر ہیں۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے قیام سے غریب والدین کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آ رہے ہیں جس پر ہم وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اچھی طرح احساس ہے کہ بیرون ملک ذاتی اخراجات سے تعلیم حاصل کرنا انتہائی مشکل عمل ہے۔ وظائف کے ذریعے آج ہمارے طلباء کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع مل رہے ہیں جو کہ ایک بہت بڑی نعمت ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ ڈاکٹر کامران شمس نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ طلباء و طالبات کی مالی اعانت کی جا رہی ہے۔

اب وہ مائیں جنہیں اپنے بچے پڑھانے ہیں اپنا زیور بیچنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اُن تمام والدین اور طلباو طالبات کے خوابوں کی تعبیر کریں گے جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ اُن کے راستے میں وسائل کی عدم دستیابی رکاوٹ نہیں بنے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سکالر شپ تعصب اور سیاست سے بالا تر ہو کر صرف میرٹ پر دئیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کام جو 1947ء میں شروع ہونا چاہیے تھا وہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 2009ء میں شروع کر کے ہمارے طلبا و طالبات کے لئے تعلیم کے راستے ہموار کئے۔دریں اثناء صو بائی وزیر نے ایم پی اے سلطانہ شاہین سے ان کے جواں سال بھتیجے حسن لنگاہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر لیگی خواتین رہنما فہمیدہ پروین،روبینہ شاہین،اعجاز لنگاہ،وحید لنگاہ،محمد یونس،شیخ خالد،اظہرمغل،محمدذیشان،وقاص رشیدودیگر بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس موقع پر کہنا تھا کہ جھوٹ بولنا اور عمران خان کی سیاسی شناخت بن چکا ہے۔تحریک انصاف کا پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرنا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان انتخابی،سیاسی ،عدالتی اور احتجاجی تمام محاذوں پرناکام ہوچکے ہیں۔سڑکوں پراحتجاج کے بعد عمران خان کو پارلیمنٹ کی یاد آئی ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی کی سیاسی ساکھ ختم ہوچکی ہے۔دھرنوں اور عدالتوں میں انہیں بدترین شکست ہوئی ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں