کرپشن کے خاتمے کیلئے ضرب عضب جیسا جذبہ پیدا کرنا ہوگا ،بدعنوانی کا خاتمہ کرنا جہا د ہے، جس کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا،ہماری سیاست قومی ایجنڈے پر ہونی چاہئے کسی بھی جماعت کے ذاتی مفادات نہیں ہونے چاہئیں،گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا ملتان میں سیمینار سے خطاب

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:09

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بدعنوانی ایک ناسور ہے جو معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا اور ملکی اداروں کو تباہ کردیتا ہے۔کرپشن بھی دہشت گردی سے کم نہیں اس کے خاتمے کے لئے بھی ضرب عضب جیسا جذبہ پیدا کرنا ہوگا ۔بدعنوانی کا خاتمہ کرنا بھی ایک جہا د ہے جس کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

ہماری سیاست قومی ایجنڈے پر ہونی چاہئے کسی بھی جماعت کے ذاتی مفادات نہیں ہونے چاہئیں۔نیب کی کارکردگی بہت اچھی ہے مگر اصلاح کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔ہمیں عام آدمی کے مسائل حل کرنا اور اسے معاشرے میں عزت و احترام دینا ہوگا۔موجودہ حکومت نے بجلی کی پیداوار کے کئی میگا پراجیکٹس شروع کررکھے ہیںاور ان پراجیکٹس میں باہمی مذاکرات کی بنیاد پر اربوں روپوں کی بچت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے ان خیالات کا اظہار ملتان آرٹس کونسل میں قومی احتساب بیورو کے زیر اہتمام عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو ملتان برگیڈئیر (ر) فاروق ناصر اعوان (ستارہٴ امتیاز ملٹری) ‘ وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین‘ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر ملتان نادر چٹھہ‘ صدر ملتان چیمبر آف کامرس خواجہ جلال الدین رومی‘ ڈائریکٹر نیب عبدالحفیظ خان ‘ ایڈیشل ڈائریکٹر جنرل نیب احمد باجوہ‘ ملک محمد آصف رفیق رجوانہ،ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم رضا،ڈپٹی ڈائریکٹر مکرم عباس نیب افسران اور دیگر محکموں کے انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ اسلام نے ہمیں جو درس دیا ہے ہمیں اس سے ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ رشوت دینے اور لینے والا دونوں جہنمی ہیں۔اس سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ ہمیں کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جس میں بدعنوانی کا عنصر شامل ہو۔ اختیارات سے تجاوز کرنا ‘ بااثر افراد کو عام لوگوں پرترجیح دینا‘ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری نہ کرنا بھی بدعوانی کے زمرے میں آتی ہیں۔

عام لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہمیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہئیں۔سرکاری اداروںمیں ان کو عزت و احترام ملنا چاہئے ۔ہمیں جذبے اور لگن کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کرنا ہوگا کوئی کام مشکل نہیں ہوتا انسان جب نیک نیتی سے جدوجہد کرتا ہے اللہ تعالیٰ کی ذات اسے ضرورکامیابی دیتی ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل نیب ملتان برگیڈئیر (ر) فاروق ناصر اعوان نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم مشترکہ طور پر کرپشن کے خاتمے کے لئے کاوشیں کرنی ہوں گی۔

جب تک ہم اپنے اداروں اور معاشرے کو بدعنوانی سے پاک نہیں کریں گے اس وقت تک ہم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔جس کے لئے ہمیں شعور اجاگر کرنا ہوگا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر بہاء الدین زکریایونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے کہا کہ بدعنوانی ہماری ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے بدعنوان عناصر ملک و قوم کو شدید نقصان پہنچارہے ہیں۔

تعلیمی اداروں میں بھی کرپشن کا عنصر موجود ہے اس کو ختم کر کے ہی تعلیمی و معاشی نظام کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔صدر ملتان چیمبر آف کامرس خواجہ جلال الدین رومی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی میں کرپشن ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے ۔بدعنوانی کا خاتمہ کر کے ہم اپنے ملک کی معیشت مضبوط اور صنعت کو فروغ دے سکتے ہیں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب ملتان شکیل انجم نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لالچ اور حرص کی وجہ سے کرپشن فروغ پارہی ہے اس کا مکمل خاتمہ تو ممکن نہیں مگر اس پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے جو جتنا بڑا کرپٹ ہے وہ اتنا ہی بااثر ہوتا ہے ۔

نیب کی کارکردگی اندھیرے میں روشنی کی ایک کرن ہے قومی احتساب بیورو نے کرپشن کے خاتمے کے لئے جو آگاہی مہم شروع کی ہے و ہ قابل تحسین ہے ۔ اس موقع پربدعنوانی کے خاتمے کے عنوان پرمختلف مقابلہ جات کے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں انعامات، اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔سیمینار کے اختتام پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو ڈائریکٹر جنرل نیب برگیڈئیر(ر) فاروق ناصر اعوان نے سوینئر بھی پیش کی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں