سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیر ہو نیوالا سنیما مسمارکردیاگیا

منگل 6 دسمبر 2016 18:25

ملتان۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)ضلعی انتظامیہ نے رات بھر آپریشن کے بعد سرکاری اراضی پر تعمیر شدہ غیرقانونی سنیما مسمارکردیا،ملتان کے قدیم سنیمائوں میں سے ایک محفل سنیما کئی عشروں سے بند تھا اور اس کی عمارت بھی خستہ حال ہوچکی تھی،منگل کی رات ضلعی انتظامیہ نے بھاری مشینری کے ذریعے حسین آگاہی روڈپر آپریشن کرکے اس سنیما کو مسمار کردیا،اسسٹنٹ کمشنر سٹی خالد محمود گیلانی نے آپریشن کی نگرانی کی جو 14گھنٹے جاری رہا،اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے بتایا کہ یہ سنیما نزول ا راضی پر تعمیر کیاگیا تھا اور اس کاشمار ناجائز تعمیرات میں ہوتا تھا،سنیما کو مسمارکرنے کے بعد 7سے 8کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی ہے،سنیما کے ساتھ کچھ دکانیں بھی غیرقانونی طورپر تعمیر کی گئی تھیں جنہیں مسمارکردیاگیا،انہوںنے بتایا کہ یہ اراضی عوام کیلئے استعمال کی جائے گی،انہوںنے مزید کہاکہ سنیما کی مخدوش عمارت کسی بڑے حادثے کابھی باعث بن سکتی تھی جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوسکتاتھا،دریں اثناء ذرائع کے مطابق واگزاراراضی پر پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گاتاکہ اس گنجان آباد علاقے میں پارکنگ کامسئلہ حل ہوسکے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں