شہباز شریف ہسپتال ملتان میں لیبرروم کا باقاعدہ آغازکردیا گیا

جمعہ 25 نومبر 2016 19:36

ملتان۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) شہباز شریف ہسپتال ملتان میں لیبرروم کا باقاعدہ آغازکردیا گیا ہے۔ماں اور بچہ سروسز کو بہتر بنانے کے لئے محکمہ صحت کی جانب سے زچگی سے متعلق سامان مہیا کردیا گیا ہے۔جس میں ڈیلیوری میز اور گائنی آپریشن کے آلات شامل ہیں۔صبح کے وقت ڈاکٹر سمعیہ گائنا کالوجسٹ شہباز شریف ہسپتال میں موجود ہوں گی۔

لیبر روم میں سول ہسپتال کی دو لیڈی ڈاکٹر زکی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں فاطمہ جناح گائنی ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر آن کال ہوں گی۔سٹاف کی ممکنہ کمی کو پورا کرنے کے لئے لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور مڈ وائف کو مختلف اوقات میں وومن میڈیکل آفیسر کی معاونت کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔یہ بات ای ڈی او ہیلتھ ڈ اکٹر ظفر عباس نے اپنے آفس میں بریفنگ کے دوران بتائی۔

(جاری ہے)

ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر عباس نے کہا کہ شہبازشریف ہسپتال 44کروڑ روپے کی لاگت سے تیا ر کیا گیا ہے جس میں لیبر روم کے آغاز سے پہلے صر ف اور صرف آئوٹ ڈور یونٹ کام کررہا تھا۔لیبر روم کے فنکشنل ہوجانے سے نہ صرف زچگی کی صاف ستھری اور فوری سہولت میسر ہوسکے گی بلکہ تمام سروسز اور ادویات بالکل مفت فراہم ہوں گی۔شہباز شریف ہسپتال کا لیبر روم ہفتے کی7دن اور24گھنٹے کھلا رہے گا۔

ای ڈی او ہیلتھ نے کہا کہ ایم ایس شہبازشریف ہسپتال کو ہسپتال میں صفائی کاانتظام بہتر سے بہترین کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں اور اس سلسلے میں ہیلتھ کونسل کے بجٹ سے ڈیلی ویجز پر خاکروب بھرتی کئے جارہے ہیں۔ڈاکٹر ظفر عباس نے کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی نظر نہ آئے تو کہاں نظر آئے گی صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں صفائی کی بہترین سہولیات کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بہت کوشاں ہیں۔

اس لئے وزیراعلیٰ کی خاص ہدایت پر سول ہسپتال، شہبازشریف ہسپتال، فاطمہ جناح ہسپتال، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شجاع آباد اور تحصیل ہیڈکوارٹر جلال پور پیروالا کے واش رومز میں ہاتھ دھونے والے لوشن،ٹشو پیپرز اور آٹومیٹک ڈرائیر مہیا کردئیے گئے ہیں۔ڈاکٹر ظفر عباس نے کہاکہ محکمہ صحت ملتان ڈسٹرکٹ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ملتان ڈسٹرکٹ کے تمام ہسپتالوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے خواب کی تعبیر بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے گا کیونکہ صحت کی بنیادی سہولیات ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں