تفرقہ پھیلانے والے دشمن عناصر کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنا چاہیے ،علامہ محمد رضا دائودانی

بدھ 23 نومبر 2016 22:32

ملتان۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء)بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان شعبہ علوم اسلامیہ کے زیراہتمام آئی ایم ایس ایگزیکٹو ہال میں’’ حضرت امام حسین علیہ اسلام کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیاگیا․ حضرت امام عالی مقام اور ان کے گھرانے کی بے مثل قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

علامہ محمد رضا دائودانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت امت مسلمہ اور خاص طور یونیورسٹی کے طلباء طالبات کووحدت کے ایک پلیٹ فارم پر شانہ سے شانہ ملاتے ہوئے کھڑا ہونا چاہیے اور تفرقہ پھیلانے والے دشمن عناصر کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے حاصرین محفل کو ثانی زہرہ حضرت زینب سلام اللہ علیہ کے خطبے سے روشناس کراتے ہوئے حسین منی و انا من الحسین کے مصداق حضرت امام حسین علیہ اسلام کی اخلاقی و ابدی فتح کو واضح کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے خطاب کرتے ہوئے کہاحضرت امام حسین ؓکی جدوجہد حصول اقتدار کے لیے نہیں بلکہ اسلام کے اعلی اقدار کی بلندی کے لیے تھی۔ انہوں نے معاشرے میں انسانی مسائل کے حل کے لیے صبر کی حکمت عملی اپنا کر سماجی انتشار کی قوتوں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسینؓ فرقہ واریت کی بجائے وحدت انسانیت اور معاشرتی انتشار کی بجائے سماجی و سیاسی استحکام کے علمبردار تھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں