پنجاب میں محکمہ تعلیم نے ادبی اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مختلف مقابلہ جات کا شیڈول جاری کردیا

منگل 22 نومبر 2016 23:25

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح ضلع ملتان میں بھی محکمہ تعلیم نے ادبی اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مختلف مقابلہ جات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ شیڈول قرات،نعت خوانی، تقریر اور مضمون نویسی کے تحصیل، ضلع اور ڈویژن کے لیول پر مقابلوں پر مشتمل ہے۔

مقابلے میں حصہ لینے کیلئے فارم محکمہ تعلیم کی ویب سائیٹ یا ڈی او سکینڈری کے آفس سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں تحصیل کے سکولوں میں بھی فارم مہیا کردیے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ہر سطح پر جیتنے والوں کے لئے پرکشش انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ تمام مقابلہ جات کے لئے عنوانات کی طرز پر سلیبس بھی دیا گیا ہے تاکہ مقابلوں میں حصہ لینے والوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مقابلوں میں صرف نویں اور دسویں جماعت کے طلباء و طالبات حصہ لے سکیں گے۔مقابلہ جات کے لئے رجسٹریشن تحصیل لیول پر 21 نومبر، ڈسٹرکٹ لیول پر 30 نومبر، ڈویژن لیول پر 7 دسمبر اور صوبائی لیول پر 17 دسمبر 2016 ء تک ای ڈی اوز دفاتر میں کرائی جا سکتی ہے۔ مقابلے 24 نومبر سے 24 دسمبر 2016 تک جاری رہیں گے اور ان مقابلوں میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات حصہ لے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں