قوم دھرنے نہیں مسائل کا حل چاہتی ہے ،ایک صوبے کی حالت نہ بدلنے والے کیا نیا پاکستان بنائیں گے؟ ، رانا بابر حسین

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 12:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اکتوبر۔2014ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ دیگر شہروں کی طرح اہل گجرات نے بھی تحریک انصاف کی کال کو مسترد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ یہ شہر بھی مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے، یہاں کے شہریوں نے جلسے میں شرکت نہ کر کے اپنا فیصلہ دے دیا ہے کہ اب شام کے ورائٹی شو جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

ایک بیان میں رانا بابر حسین نے کہا کہ قوم دھرنے نہیں مسائل کا حل چاہتی ہے جبکہ عمران اپنے آپ کو زندہ رکھنے کے لئے عوام کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ ایک صوبے کی حالت نہ بدلنے والے کیا نیا پاکستان بنائیں گے؟ عمران خان کم از کم خیبرپختونخوا میں تو گورننس کی کوئی مثال قائم کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہاکہ عو ام نے دھرنوں میں پی ٹی آئی کے نئے پاکستان کی شکل دیکھ لی ہے اور عمران خان کو چاہیے کہ وہ جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے ثبوت سامنے لائیں۔

(جاری ہے)

ان کا تکیہ کلام ”سنیں“ اور رٹے رٹائے الزامات کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو بتائیں کہ ہر روز بیانات بدلنے کے پیچھے کیا حقیقت کارفرما ہے؟ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید عمران خان کی کشتی کو بھی لے کر ڈوبیں گے۔ شیخ رشید کو بتانا چاہیے کہ وہ اور کتنی بار ” دیوانے “ کا کردار ادا کریں گے؟ ملک سے کرپشن ختم کرنے کا مطالبہ اور دعویٰ کرنے والے عمران خان پہلے اپنی پارٹی میں ہونے والی کرپشن کا جائزہ لیں اور قوم کو پارٹی کے نام پر جمع ہونے والے فنڈز کی خوردبرد کے بارے میں حقیقت بتائیں جن کی کہانیاں زبان زدعام ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں