وزیراعلیٰ سے چینی سفیر اور انسداد دہشت گردی لیڈنگ گروپ کے اعلیٰ حکام کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال،دہشت گردی کے ناسور پر قابو پانے کیلئے چینی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربات سے استفادہ کیاجائے گا‘ محمد شہباز شریف،چین کے اشتراک سے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد کاربڑھانے کیلئے نئے پروگرام شروع کئے جائینگے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 9 مئی 2014 19:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2014ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں چین کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ اور چین کے انسداد دہشت گردی لیڈنگ گروپ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی قابل اعتماد دوست ہے۔ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔ چین سے تعلقات مفید معاشی روابط میں بدل چکے ہیں۔ملک کو توانائی بحران اور دہشت گردی کے ناسور جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے چین کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے ناسور پر قابو پانے کیلئے بھی چینی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربات سے استفادہ کیاجائے گا۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید سہولیات سے لیس کیا جارہا ہے اور اس مقصد کے لئے چین کے اشتراک سے متعلقہ اداروں کی استعداد کاربڑھانے کیلئے نئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ چین کے تعاون سے جس طرح معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات جاری ہیں اسی طرح دیگر شعبوں خصوصا ًدہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے بھی حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس ناسور پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑ ھانے کیلئے جدید حکمت عملی اختیار کی جارہی ہے ۔ حکومتی اقدامات سے امن و امان کی صورت حال میں بتدریج بہتری آرہی ہے جس سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر پنجاب میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو مطلوبہ معیار کے مطابق لانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ملک میں عوامی خوشحالی لانے کا عزم کر رکھا ہے اور اس مقصد کے لئے اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر سن ویڈانگ اور چین کے انسداد دہشت گردی لیڈنگ گروپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آفس این ویکسنگ نے چین کی طرف سے پاکستان میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں