اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کی قیادت میں دھاندلی کیخلاف الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 9 مئی 2014 17:13

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9مئی 2014ء) قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمود الرشید کی قیادت میں دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ میں وکلاء ،سول سوسائٹی کے نمائندوں ،ٹکٹ ہولڈرز اور تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن بھی دھاندلی میں ملوث تھا۔

قومی خزانے کے نوٹ اور عوام کے ووٹ چرانے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا وقت آ گیا۔ کرپٹ انتخابی نظام اور جمہوریت اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ خیبر تا کراچی عوام میں دھاندلی زدہ نظام کے باعث بے چینی ہے ،عمران خان کی آواز پر 11 مئی کے دن پنجاب سمیت ملک بھر سے لاکھوں عوام اسلام آبادپہنچیں گے اور دھاندلی کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرینگے۔

(جاری ہے)

عمران خان کرپٹ انتخابی نظام کو بدلنے کیلئے اہم ایجنڈے کا اعلان کرینگے۔ احتجاجی مظاہرہ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز ظہیر کھوکھر، ولید اقبال، منصور صدیقی، رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل نے بھی خطاب کیا۔ کارکنوں نے دھاندلی کروانے پر الیکشن کمیشن ،نجم سیٹھی اور سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے خلاف نعرے لگائے ،ٹائر جلائے اور عمران خان کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مظاہرہ کے باعث الیکشن کمیشن آفس کے اطراف کے راستے عوام سے کچھا کھچ بھر گئے،اپوزیشن لیڈر کارکنوں کو پرامن رہنے اور ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے کی ہدایات دیتے رہے ۔احتجاجی مظاہرہ کے بعد اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں ریلی بھی نکالی گئی ۔ریلی کے اختتام پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف نے انصاف کے لیے انصاف کے ہر دروازے پر دستک دی مگر اسے ایک سال کے بعد بھی انصاف نہیں ملا۔الیکشن کمیشن کے دھاندلی پر مبنی کردار کے باعث خیبر تا کراچی عوام میں بے چینی ہے ۔دھاندلی میں ملوث آراواز اور پریزائڈنگ آفیسر ز کے خلاف مقدمات قائم ہونے چاہئیں جس کے ثبوت موجود ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں