بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی افواج پاکستان کی مضبوط قوت توڑنا چاہتے ہیں‘پروفیسر حافظ محمد سعید

جمعرات 8 مئی 2014 22:10

بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی افواج پاکستان کی مضبوط قوت توڑنا چاہتے ہیں‘پروفیسر حافظ محمد سعید

امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی افواج پاکستان کی مضبوط قوت توڑنا چاہتے ہیں،پاکستان کے دفاعی حصار میں دراڑیں ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، پاک فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنا اور ملک میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اور دہشت گردی پروان چڑھانا انہی مذموم سازشوں کا حصہ ہے، نظریہ پاکستان کی بنیادپر پورے ملک میں اتحادویکجہتی کی فضا پیداکرنے کی ضرورت ہے، دشمنان اسلام کی سازشوں اور پراپیگنڈاکے توڑ کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی ذمہ داران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اﷲ خالد، قاری محمد یعقوب شیخ، مولانا نصر جاوید، حافظ محمد مسعود،محمد یحییٰ مجاہد، حافظ خالد ولید، حافظ طلحہ سعید و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران وطن عزیزپاکستان کو درپیش اندرونی وبیرونی مسائل اور ملکی سلامتی واستحکام کے خلاف بین الاقوامی سازشوں پر تفصیل سے غوروخوض کیا گیا۔ امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں شکست کے بعد عالمی طاقتوں نے پچھلے کافی عرصہ سے پاکستانی فوج اور قومی سلامتی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے۔

ان کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستانی عوام میں پاک فوج کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کیا جائے اور افواج پاکستان اورقوم کے مابین رشتوں کو کمزور کیاجائے تاکہ وہ یہاں اپنے مذموم ایجنڈے پورے کر سکیں۔اس مقصد کیلئے وہ اربوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔

گذشتہ چند دنوں سے پاکستانی فوج کے خلاف پراپیگنڈا کر کے ملک میں جو ماحول پیداکرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں وہ عالمی سطح پر جاری انہی سازشوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ مشرقی پاکستان کو دولخت کرنے والے بھارت نے پاکستان کے وجود کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔ اس کا شروع دن سے ایجنڈا رہا ہے کہ پاکستان میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کرکے نقصانات سے دوچار کیاجائے۔ بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواہ اور ملک کے دیگر حصوں میں تخریب کاری، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت سرکار اور اس کی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ ہندو انتہا پسند تنظیم بی جے پی کے نریندر مودی اور دیگرسرکردہ اہلکارمحض الیکشن جیتنے کیلئے بھارت میں مسلم کش فسادات کی آگ بھڑکارہے ہیں۔ آسام میں ہونے والے حالیہ قتل عام میں بھی یہی لوگ ملوث ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں