ساؤتھ ایشیا لیبر کانفرنس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے اعزاز میں تقریب

جمعرات 8 مئی 2014 20:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ علاقائی سطح پر محنت کشوں کے مسائل کی نشاندہی اور حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی خاطر لیبر ایشو کو مستقل طور پر سارک تنظیم کے ایجنڈے میں شامل کیا جارہاہے، حکومت پنجاب نے خطے میں پہلی ساؤتھ ایشیا لیبر کانفرنس کے ذریعے نہ صرف جنوبی ایشیا کے ممالک کو مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا بلکہ علاقائی ، قومی اور صوبائی سطح پر تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دیا۔

انہوں نے یہ بات ساؤتھ ایشیا لیبر کانفرنس کے انعقاداور انتظامات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

قائمقام صدر لاہور چیمبر آف اینڈانڈسٹریز کاشف انور، کنٹری ڈائریکٹر آئی ایل او پاکستان فرانسکو ڈی او وڈیو، اراکین اسمبلی، سیکرٹری لیبر کیپٹن (ر) محمد یوسف، کمشنر سوشل سیکرٹری فرحان عزیز خواجہ، ڈی جی پروٹوکول، ضلعی انتطامیہ ، محکمہ لیبر اور دیگرمحکموں کے اعلیٰ افسران نے تقریب میں شرکت کی۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ساؤتھ ایشیاء لیبر کانفرنس میں شریک ممالک کی طرف سے جاری ہونے والی مشترکہ قرارداد کے نکات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ”فالو اپ سیل “کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ کانفرنس کے انعقاد سے نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ پورے پاکستان کا مثبت تشخیص ابھر کرسامنے آیاہے۔ کنٹری ڈائریکٹر آئی ایل او فرانسکو ڈی او وڈیو نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، سوشل سکیورٹی سہولیات کی فراہمی، انٹرنیشنل سٹینڈرڈز اور کنونشنز کے اطلاق و لیبر مائیگریشن جیسے اہم معاملات کے حوالے سے ساؤتھ ایشیاء لیبر کانفرنس میں کیا جانے والا اتفاق رائے دیرپا اور مثبت اثرات کا حامل ہوگا۔

انہوں نے اس کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے لاہور چیمبر آف کامرس کے قا ئمقام صدر کاشف انور، اراکین اسمبلی سائرہ افتخار، سردار رمیش سنگھ اروڑا، حنا پرویز بٹ، سیکرٹری لیبروائس کمشنر سوشل سکیورٹی شاہد عادل اور دیگر شرکا نے بھی خطاب کیا اور ساؤتھ ایشیا کانفرنس سے حاصل ہونے والے تجربات بارے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار کرنے والے اہلکاروں، افسران اور اراکین اسمبلی میں پر فارمنس شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں