عوام کو اشیاء ضروریہ کی سستے و معیاری اور وافر مقدار میں فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے‘وزیر خوراک پنجاب، اشیاء خورد و نوش میں آلو کی قیمت کو خاص طور پر فوکس کیا جا رہا ہے ،رمضان المبارک سے قبل مناسب سطح پر لایا جائیگا‘ بلال یاسین

اتوار 4 مئی 2014 16:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء) صوبائی وزیرخوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ عوام کو اشیاء ضروریہ کی سستے و معیاری اور وافر مقدار میں فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے - اتوار بازار اور سہولت بازار اس بات کا بین ثبوت ہیں کہ عوام کو ان بازاروں میں معیاری و سستے داموں اشیاء ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب ہیں - یہ بات انہوں نے اتوار بازار شادماد ن کے دوران کہی - صوبائی وزیر نے اس موقع پر صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار بازار اور سہولت بازار وں کو معیاری بازار بنائے جا چکے ہیں جہاں پر عوام کو نا صرف معیاری ، سستے داموں اشیاء ضروریہ وافر مقدار میں دستیاب بلکہ صفائی و ستھرائی اور سیکورٹی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے - انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اشیاء خورد و نوش میں آلو کی قیمت کو خاص طور پر فوکس کیا جا رہا ہے تا کہ آلو کی قیمت کو رمضان المبارک سے قبل مناسب سطح پر لایا جائے - اس سلسلے میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے - صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت گندم خریداری کا سیزن ہے اور محکمہ خوراک کا فوکس گندم کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے - اس موقع پر صوبائی وزیر نے انسداد ڈینگی آگہی کاؤنٹر کو بھی چیک کیا- انہوں نے صارفین میں آگہی پمفلٹ تقسیم کئے اور صارفین کو ڈینگی مچھر بارے زبانی بریف بھی کیا- صوبائی وزیر نے اتوار بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صارفین کی سہولت کے لئے پارکنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے تا کہ سیکورٹی معاملات پر بہتر طریقے سے توجہ دی جا سکے- انہوں نے اتوار بازار کے داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹراور واک تھروگیٹس لگانے کی ہدایت بھی کی- انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اتوار بازاروں میں سیکورٹی کے حوالے سے پولیس فورس کے علاوہ رضا کاروں کو بھی تعینات کیا جائے-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں