قوم کو سبز باغ نہیں دکھائیں گے ، چار سال میں قومی ٹیم کو وکٹری اسٹینڈ پر پہنچا دیں گے ، اصلاح الدین

جمعرات 1 مئی 2014 13:37

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1مئی 2014ء)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے چیف سلیکٹر سابق کپتان اصلاح الدین نے کہا ہے کہ قوم کو سبز باغ نہیں دکھائیں گے ، چار سال میں قومی ٹیم کو وکٹری اسٹینڈ پر پہنچا دیں گے، اولمپک گیمز میں ٹیم ابتدائی تین پوزیشن پر آجائیگی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز کے جن 25 کھلاڑیوں کے نام پی ایچ ایف نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو دیئے ہیں اس میں سلیکشن کمیٹی اور ٹیم آفیشلز کی مشاورت شامل ہے، انہوں نے کہا کہ سابق ہاکی اولمپیئنز نے نیک نیتی اور ملک کے مفاد میں ذمہ داری قبول کی ہے، ہم قوم کو سبز باغ نہیں دکھائیں گے، ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کی تیاری میں چار سال کا عرصہ درکار ہوگا جس کے دوران ٹیم کامیابی بھی حاصل کرے اور اسے ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں 20 سال بعد اوپن ٹرائلز کرائے گئے جس کے بعد ایشین گیمز کے لئے اعلان کردہ کیمپ میں 20 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو خوش گوار صورت حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ٹرائلز کے دوران سلیکٹر اور ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کی فٹنس، تکنیک اور مہارت کا بھرپور انداز میں جائزہ لیا، ایمان داری کے ساتھ بغیر کسی دباؤ کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ ٹرم منصوبہ بندی کے تحت قومی ہاکی میں بہتری نہیں لائی جاسکتی، اس کیلئے طویل حکمت عملی کی ضرورت ہے، قومی ہاکی اس وقت صفر ڈگری پر ہے، ورلڈ کپ سے ہم باہر ہیں، چیمپیئنز ٹرافی اور اولمپک گیمز کا بھی حصہ نہیں ہیں ان حالات میں ہمیں بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں