حکومتی اعدادوشمار میں شارٹ فال میں کمی کی نوید ،تعطیل کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہو سکا ، شہری اور دیہی علاقوں میں 12سے 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کیساتھ پانی کی قلت نے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کر دیا، تاجروں اور شہریوں کاطویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج ،بجلی کی پیداوار بتدریج بڑھ رہی ہے ‘ ذرائع وزارت پانی وبجلی،ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ،آئندہ تین روز تک ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہیگا‘محکمہ موسمیات

اتوار 27 اپریل 2014 16:58

حکومتی اعدادوشمار میں شارٹ فال میں کمی کی نوید ،تعطیل کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہو سکا ، شہری اور دیہی علاقوں میں 12سے 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کیساتھ پانی کی قلت نے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کر دیا، تاجروں اور شہریوں کاطویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج ،بجلی کی پیداوار بتدریج بڑھ رہی ہے ‘ ذرائع وزارت پانی وبجلی،ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ،آئندہ تین روز تک ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہیگا‘محکمہ موسمیات

لاہور/نارووال/شرقپورشریف /گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) حکومتی اعدادوشمار میں شارٹ فال میں کمی کی نوید سنا دی گئی تاہم تعطیل کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہو سکا ، شہری اور دیہی علاقوں میں 12سے 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ پانی کی قلت نے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کر دیا ، تاجروں اور شہریوں نے طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق دو روز میں شارٹ فال میں 500میگا واٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اوریہ 2100میگا واٹ کی سطح پر آگیا ہے ۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی کل پیداوار11ہزار میگا واٹ جبکہ طلب 13100میگا واٹ ریکارڈ کی گئی۔ ہائیڈل سے 3050‘تھرمل سے1535 ‘ آئی پی پیز سے6415اور ونڈ پاور سے 5میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

شارٹ فال میں کمی اور چھٹی کے باعث سرکاری و نجی دفاتر اور صنعتیں بند ہونے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہیں ہو سکی۔

مختلف شہری علاقوں میں گزشتہ روز بھی 10سے 12جبکہ دیہی علاقوں میں 16سے 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی ۔ذرائع کے مطابق بعض دیہی علاقوں میں مسلسل کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھی جارہی ہے ۔ نارووال میں شہریوں نے طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا ،شرقپور شریف اور گوجرانوالہ میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف تاجروں ا ور عام شہریوں نے مظاہرہ کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کے ساتھ پانی کی بندش بھی شروع ہو گئی ہے جس سے وہ دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں ۔دوسری طرف وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے تاہم موسم کی شدت بڑھتے ہوئے بجلی کی طلب میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ بجلی کی طلب اوررسد میں فرق کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور قوی امید ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ گزشتہ سال کے موسم گرما کی نسبت امسال کم رہنے کا امکان ہے ۔

دوسری طرف ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی میں اضافہ ہو گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے لگا ہے اور لاہور، ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پارہ بڑھنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت چالیس ڈگری تک جا پہنچا ، کراچی ، حیدرآباد میں بھی گرمی بڑھنا شروع ہو گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز تک ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں