شہبازشریف کا سکیورٹی اور پروٹوکول کے بغیر والٹن فلائی اوور کا اچانک دورہ ،شہریوں میں گھل مل گئے،شہریوں کا ریکارڈ مدت میں والٹن فلائی اوور کی تعمیر پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین

پیر 21 اپریل 2014 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2014ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آج رات گئے سکیورٹی اور پروٹوکول کے بغیر والٹن فلائی اوور کااچانک دورہ کیا -اس موقع پر وزیراعلیٰ وہاں موجود شہریوں میں گھل مل گئے- شہریوں نے وزیراعلیٰ کو دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہارکیا اور ریکارڈ مدت میں والٹن فلائی اوور کی تعمیر پر شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے انتہائی کم مد ت میں والٹن فلائی اوور تعمیر کرکے اہل علاقہ کے دل جیت لئے ہیں- شہبازشریف نے ثابت کیاہے کہ جو وہ کہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں-شہبازشریف نے اپنے سابق دور میں بھی ریکارڈ مدت میں شفاف انداز سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے اور موجودہ دور میں بھی وہ تیز رفتاری سے معیاری منصوبے مکمل کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت توانائی کا بحران بھی جلد حل کرنے میں ضرورکامیاب ہوگی-اس موقع پر وزیراعلیٰ نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مفاد عامہ کے منصوبوں کی تیز رفتاراور شفاف انداز سے تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے-والٹن فلائی اوور کا منصوبہ اہل علاقہ کے لئے پنجاب حکومت کا تحفہ ہے اور ہم آئندہ بھی عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں