بنگلہ دیش کی آئندہ سال پاکستان اور بھارت کے ساتھ سہ فریقی ہاکی سیریز کی میزبانی کی پیشکش،بنگلہ دیشی فیڈریشن ایشیا کی دو بڑی ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلنا چاہتی ہے ، نوید عالم ،بنگلہ دیش زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ہاکی ایونٹس کی میزبانی کرنے والا خطے کا دوسرا ملک بننا چاہتا ہے ،انٹرویو

پیر 21 اپریل 2014 19:55

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل۔2014ء) بنگلہ دیش نے آئندہ سال پاکستان اور بھارت کے ساتھ سہ فریقی ہاکی سیریز کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔پاکستان آئے ہوئے بنگلہ دیشی ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر آف کوچنگ سابق اولمپین نوید عالم نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ انھیں اپنی فیڈریشن کے سیکریٹری کی ای میل ملی ہے جس میں اس ہاکی سیریز کے انعقاد کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

نوید عالم کے مطابق اس ضمن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اس سیریز کی باضابطہ دعوت دیں۔ اسی طرح بھارت کی ہاکی فیڈریشن سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔نوید عالم نے کہا کہ بنگلہ دیشی ہاکی فیڈریشن چاہتی ہے کہ وہ نہ صرف ایشیا کی دو بڑی ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلے بلکہ ایشیا میں ہاکی کے فروغ کے لیے جو بھی ممکن ہوسکے اپنا کردار ادا کر سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے تمام بڑے ڈیپارٹمنٹس کو بھی اپنی ٹیمیں بنگلہ دیش بھیجنے کی دعوت دے رہے ہیں۔نوید عالم نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہاکی مقبول کھیل ہے اور بنگلہ دیشی ٹیم نے اس سال ایشین گیمز کے لیے کوالیفائی بھی کرلیا ہے اس نے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے فائنل میں عمان کو شکست دی تھی۔

انھوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ بنگلہ دیشی ٹیم ایشین گیمز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کرے جس کے لیے اس نے جاپان کو ہرانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ گذشتہ مقابلوں میں بنگلہ دیش کی آٹھویں پوزیشن رہی تھی۔نوید عالم کے مطابق بنگلہ دیش زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ہاکی ایونٹس کی میزبانی کرنے والا اس خطے کا دوسرا ملک بننا چاہتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں ہاکی کی ترویج کے لیے بہت زیادہ کام ہو رہا ہے۔نوید عالم نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہاکی کے کھیل کو مزید مقبول بنانے کے لیے مقامی سکولوں میں ہاکی شروع ہو چکی ہے اور مستقبل قریب کے بین الاقوامی مقابلوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے انڈر16، انڈر 18 اور انڈر 19 پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں کلب ہاکی منظم ہے اور پریمیر لیگ میں کھلاڑیوں کو اچھا معاوضہ مل جاتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں