فوج کو احساس ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کیلئے صحیح راستہ ہے ، خورشید شاہ

اتوار 20 اپریل 2014 14:28

فوج کو احساس ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کیلئے صحیح راستہ ہے ، خورشید شاہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ فوج کو احسا س ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کیلئے صحیح راستہ ہے اگر اب آمریت آئی تو پاکستان کو اس شکل میں قائم رکھنا مشکل ہو جائے گا۔لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو نظر انداز کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔

سیاستدانوں نے ماضی سے سبق سیکھا ہے ، نواز شریف سے آصف زرداری کی ملاقات کے حوالے سے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سب کو خوش ہو نا چاہئے کہ سیاستدان آپس میں ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ طالبان سے مذاکرات میں کوئی پیش رفت ہو رہی ہے۔ لگتا ہے حکومت صرف حجتیں پوری کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل پر اپوزیشن نے اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بل اگر اسمبلی کے جوائنٹ سیشن میں لایا گیا تو خطرناک بات ہو گی ، خورشید شاہ نے گیلپ سروے کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مہنگائی ختم ، لوڈ شیڈنگ زیرو اور امن و امان کی صورت حال ٹھیک کر دی ہے۔اسی لئے گیلپ سروے نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے ، پیپلز پارٹی کے دور میں ایل این جی کا ریٹ سات ڈالر طے ہوا تھا مگر سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے اسے روک دیا اور اب یہ اٹھارہ ڈالر میں منگوائی جا رہی ہے ، خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان بادشاہ آدمی ہیں بادشاہ شیر ہوتا ہے اور اس وقت پاکستان میں شیر اور بادشاہ میں کوئی فرق نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں