پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران منعقدہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر ایونٹس کو مصوری کے فن پاروں میں ڈھالنے کا مقابلہ کرانے کا فیصلہ ،مقابلے میں پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی سپورٹس پینٹنگز کو بھی نقدانعام اور ایوارڈز دیئے جائیں گے‘ وزیر تعلیم ‘رانا مشہود احمد

جمعرات 17 اپریل 2014 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) پینٹنگ کی دنیا میں جیومیٹرک فارم میں کیموفلاج تکنیک سے شہرت حاصل کرنے والی معروف مصورہ ڈاکٹرعائشہ صدیقی کی لینڈ سکیپ پینٹنگز کی نمائش کا افتتاح حمائل آرٹ گیلری گلبرگ لاہور میں شروع ہوگیا۔ وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ روایتی لینڈ سکیپ مصوری کو ایک منفرد اسلوب دینے والی پاکستان کی اس سب سے کم عمر پی ایچ ڈی (سٹوڈیوپریکٹس) خاتون کے” آئل آن کینوس“ فن پاروں کی نمائش 23اپریل تک جاری رہے گی۔

نمائش کی افتتاحی تقریب میں حمائل آرٹ گیلری کے ڈائریکٹر جمیل احمد کے علاوہ منفرد سینئرپینٹرز سعیداختر، شفیق فاروقی، منیر مانی، منور الاسلام ، رانا ریاض ، شاہد سندھواور مرحوم آرٹسٹ پیرزادہ نجم الحسن کی بیوہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

فن مصوری کے شائقین بھی خاصی بڑی تعداد میں اس موقع پر موجودتھے۔وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے نمائش میں آویزاں کی گئی مختلف لینڈ سکیپ پینٹنگز کو شاہکار پینٹنگز قرار دیا اور کہا کہ درختوں ، پتیوں اور دھرتی کے مختلف رنگوں کو ڈاکٹر عائشہ صدیقی نے جس ہنرمندی اور تخلیقی اپج کے ساتھ قرطاس پر منتقل کیا ہے ، اسے دیکھ کر طبیعت میں خوشگوار احساس پیدا ہوتا ہے ۔

ہر تصویر اشجار کا فطرتی حسن اجاگر کررہی ہے مگر ہر تصویر ایک دوسری سے مختلف نظر آتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں آرٹس اینڈ کرافٹس کا سیکشن بھی رکھا گیا ہے اور بہت سے نوجوان مصوروں ، خطاطوں ، مجسمہ سازوں ، موسیقاروں ، فلم میکرزاور دیگر فنون لطیفہ سے منسلک آرٹسٹ بڑی تعداد میں اپنے اپنے فن پارے مقابلے کے لئے لائے ہیں۔

اسی طرح معیاری دستاویزی فلمیں اور مختصر دورانیے کی فلموں کے مقابلے میں بھی نمایاں رہنے والوں کو بیش قیمت انعامات دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران منعقدہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر ایونٹس کو فنکارانہ انداز میں مصوری کے فن پاروں میں ڈھالنے کا الگ مقابلہ کرایا جائے۔

اس مقابلے میں پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی سپورٹس پینٹنگز کو بھی نقدانعام اور ایوارڈز دیئے جائیں گے-انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جن ترقی یافتہ ممالک کے پاس وافر بجلی موجود ہے ، وہاں بھی بجلی کی بچت کو ایک طرز حیات کے طور پر اپنایا جارہا ہے ۔ پاکستان اس وقت انرجی کے بحران کا شکار ہے ۔ ہمارے عوام کو انرجی سیونگ کے حکومتی اقدامات کو دل سے قبول کرنا چاہیے ۔

انہوں نے میڈیا کو حکومت پنجاب کے اس فیصلے سے بھی آگاہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کے دوران بھی لاہور اور پنجاب کے دیگر بڑے شہروں کے پبلک پارکس اور گراؤنڈز کو روشن رکھا جائے گا تاکہ عام لوگ گھروں کی گھٹن سے باہر آکر قدرتی مگر روشن ماحول میں سکون محسوس کریں اور اپنے بچوں کو درختوں کی آکسیجن میں سانس لینے کا موقع دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں