وزیراعلیٰ شہباز شریف سے معروف امریکی یونیورسٹی لوئس ولے کے وفد کی ملاقات، نالج پارک میں میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے قیام میں دلچسپی کا اظہار،پنجاب حکومت نے لاہور میں 800 ایکڑ وسیع قطعہ اراضی پر نالج پارک کے قیام کا عظیم الشان منصوبہ بنایا ہے‘ محمد شہباز شریف ،نالج پارک خطے میں اپنی طرز کا پہلا منفرد منصوبہ ہے، معروف غیرملکی تعلیمی اداروں نے منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے،نالج پارک میں مختلف یونیورسٹیوں کے کیمپس اور سٹیٹ آف دی آرٹ لیور اینڈ کڈنی سینٹر بنایا جائیگا‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی وفد سے گفتگو

جمعرات 17 اپریل 2014 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں 800ایکڑ وسیع قطعہ اراضی پر نالج پارک کے قیام کا ایک عظیم الشان منصوبہ بنایا ہے، نالج پارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی، انجینئرنگ ، میڈیکل اور دیگر جدید علوم کے علیحدہ علیحدہ کیمپس قائم کئے جائیں گے، نالج پارک میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیور اینڈ کڈنی سینٹر بھی بنایا جائے گا،معروف غیرملکی تعلیمی اداروں نے نالج پارک میں اپنی یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز امریکہ کی معروف یونیورسٹی لوئس ولے کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ یونیورسٹی آف لوئس ولے کے پروفیسرز نے نالج پارک میں میڈیکل انسٹی ٹیوٹ بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ ہوا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

امریکن یونیورسٹی کے وفد میں پروفیسر کریگ بلکلے،پروفیسر کیتھی بوم گارٹنر ،پروفیسر پیٹر والٹن، پروفیسر رسول رمجی، شائمہ رحمن، طارق رحمن، ڈاکٹر ہارون احسن اور سالم رحمن شامل تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ اورصحت کے شعبے کی بہتری کے لیے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ تعلیم ترقی اور خوشحالی کی منزل پانے کا واحد راستہ ہے اور دنیا کی ترقی یافتہ اقوام نے تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کی بلندیوں کو چھوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تعلیم کے ساتھ صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اور میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کے مثبت اورحوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اورمیڈیکل کے شعبوں میں ریسرچ کوبہت اہمیت حاصل ہے۔پاکستان میں صحت کی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے جدید ریسرچ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں نالج پارک کے قیام کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نالج پارک خطے میں اپنی طرز کا پہلا منفرد منصوبہ ہے جس میں معروف ملکی اور غیر ملکی تعلیمی ادارے اپنے کیمپس قائم کریں گے جبکہ نالج پارک میں لیور اینڈ کڈنی سینٹربھی قائم کیا جائے گاجہاں پر سینٹر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع مظفرگڑھ میں جدید ترین ہسپتال قائم کیا گیا ہے اور یہ ہسپتال جون 2014 میں باقاعدہ کام کا آغاز کر دے گا جس سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس ہسپتال کے ماڈل پر صوبے میں نئے ہسپتال بنائے گی۔ یونیورسٹی آف لوئس ولے کے پروفیسرز نے تعلیم اور صحت کے شعبہ میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات کے دونوں شعبوں کی بہتری پر دور رس اثرات مرتب ہونگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں