جمال لغاری فورٹ منرو میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن پر اپنی ہی حکومت کیخلاف برس پڑے ،سرکاری عمارتوں پر لگے میٹروں کی کوئی جانچ پڑتال نہیں کی جاتی تو غریب کو جانور سمجھ کر ان کے میٹر کیوں اتارے جارہے ہیں،میپکو اہلکاروں کی کارروائی قبائلی بلوچ عوام کیخلاف گہری سازش ہے ‘ رکن اسمبلی پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 16 اپریل 2014 18:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سردار جمال خان لغاری فورٹ منرو میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن پر اپنی ہی حکومت کیخلاف برس پڑے اور میپکو اہلکاروں کی کارروائی کو قبائلی بلوچ عوام کیخلاف گہری سازش قرار دیدیا۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمال لغاری نے کہا کہ فورٹ منرو میں میپکو اہل کاروں کا چھاپے مار کر ٹرانسفارمرز اتارنا بلوچ عوام کے خلاف گہری سازش ہے جس کی بھر پورالفاظ میں مذمت کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کو ہمارا نکتہ نظر سننا چاہئے تھا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ فورٹ منرو میں موجود سرکاری ریسٹ ہاؤسز سمیت کمشنر ہاؤس کے میٹر موجود نہیں اور انہوں نے سوال کیا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے بل کب ادا کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب سرکاری عمارتوں پر لگے میٹروں کی کوئی جانچ پڑتال نہیں کی جاتی تو غریب لوگوں کو جانور سمجھ کر ان کے میٹر کیوں اتارے جارہے ہیں۔ یاد رہے کہ جمال لغاری نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جنوبی پنجاب میں امن و امان کی ناقص صورتحال پر بھی اپنی حکومت کیخلاف احتجاج کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں