وزیراعلیٰ پنجاب سے انرجی پلاننگ ورکنگ گروپ چائنہ کے اعلی سطح کے وفدکی ملاقات،توانائی منصوبوں پر تیزر فتاری سے پیشرفت پر اتفاق،چین کے تعاون سے ساہیوال میں 660میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد اگلے ماہ رکھا جائے گا‘ محمد شہباز شریف،نندی پور پاورپراجیکٹ کی پہلی ٹربائن مئی میں کام شروع کردے گی جس سے پہلے مرحلے میں 100میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی،پنجاب حکومت چند روز بعد 100میگاواٹ کے سولر منصوبے کا معاہدہ کررہی ہے ،یہ منصوبہ حکومت اپنے وسائل سے لگائے گی،چینی سرمایہ کار کمپنیاں آگے آئیں ،حکومت تمام ضروری سہولتیں دے گی،توانائی سیکٹر میں پاک چین عظیم تعاون پوری قوم ہمیشہ یاد رکھے گی،پاکستان کے ساتھ توانائی منصوبوں پر جلد عملدر آمد کیلئے بھر پورتعاون کرینگے ،نشاندہی کردہ منصوبوں پر تیزی سے آگے بڑھا جائیگا ‘زینگ یوکنگ،چینی کمپنیوں کے سرمائے کو امانت سمجھ کر ایک ایک پائی شفاف اور ایمانداری سے خرچ کریں گے ‘وزیراعلیٰ پنجاب کی چینی وفد سے گفتگو

بدھ 16 اپریل 2014 18:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے بدھ کے روز ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے انرجی پلاننگ ورکنگ گروپ کے اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی۔چینی وفد کی سربراہی نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے ایڈمنسٹریٹر زینگ یوکنگ کررہے تھے۔وفد میں نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن،کول ڈیپارٹمنٹ ،ریسرچ انسٹی ٹیوٹس،ایگزم بینک،چائنہ ڈویلپمنٹ بینک،سائینو شوئراورتوانائی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلی عہدیداران شامل تھے ۔

صوبائی وزراء ،وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ملاقات میں پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے تحت توانائی ،ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کے منصوبوں پرتیزی سے پیش رفت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہباز شریف نے چین کے انرجی پلاننگ ورکنگ گروپ کے 34رکنی وفد کولاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کی تاریخی دوستی مفید معاشی روابط میں بدل چکی ہے۔

چین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ہمیشہ بھر پور ساتھ دیا ہے۔پاکستانی قوم کو چین کی بااعتماد دوستی پر فخر ہے۔پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند،سمندر سے گہری ،فولاد سے مضبوط اورشہد سے میٹھی ہے۔پاکستان کو توانائی بحران سے نکالنے کے لیے چین کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے۔ا نہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے باعث پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

چین کی جانب سے7برس کے دوران 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پیکیج پاکستان کے لیے شاندار تحفہ ہے۔سرمایہ کاری پیکیج کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں 20ہزار میگاواٹ کے توانائی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔چینی حکومت کی جانب سے توانائی کے منصوبوں کے لیے پلانٹس،مشینری کے ساتھ سرمایہ کاری کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔چین کے تعاون سے لگنے والوں منصوبوں سے توانائی بحران دور کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی ۔

اس پیکیج کے تحت پنجاب میں 10ہزار میگاواٹ کے کول پاور پلانٹس اور ایک ہزار میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگانے کی نشاندہی کی جاچکی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف اورمیرے حالیہ دورہ چین کے دوران ساہیوال میں 660میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس لگانے کے لیے چینی کمپنیوں کے کنسورشیم کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔چینی کمپنیوں کے کنسورشیم کے ساتھ دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا گیا ہے ۔

ساہیوال میں 660میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد اگلے ماہ رکھا جائے گا اوروزیراعظم محمد نواز شریف مہمان خصوصی ہوں گے۔نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن مئی میں کام شروع کردے گی جس سے 100میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔نندی پور پاور پراجیکٹ مکمل طورپر رواں برس تک مکمل کرلیا جائے گا۔پنجاب حکومت چند روز بعد 100میگاواٹ کے سولر منصوبے کا معاہدہ کررہی ہے ،یہ منصوبہ حکومت اپنے وسائل سے لگائے گی۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک و قوم کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لائیں گے۔چین کی سرمایہ کار کمپنیاںآ گے آئیں اور پاکستان میں سرمایہ کار ی کریں ،حکومت انہیں تمام ضروری سہولتیں دے گی۔توانائی سیکٹر میں پاک چین کا عظیم تعاون پوری قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔چینی کمپنیوں کے سرمائے کو امانت سمجھ کر ایک ایک پائی شفاف اور ایمانداری سے خرچ کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی جہانزیب خان کوپاک چین توانائی منصوبوں کے حوالے سے پنجاب حکومت کا فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے اور ہمیں انتہائی تیزرفتاری سے توانائی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔چینی وفد کے سربراہ زینگ یوکنگ نے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی پنجاب میں میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ توانائی سیکٹر میں منصوبوں پر جلد عملدر آمد کے لیے بھرپورتعاون کریں گے اورجن منصوبوں کی پہلے ہی نشاندہی ہوچکی ہے ان پرتمام ضروری اقدامات کر کے آگے بڑھا جائے گا۔

انہوں نے توانائی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی تجویز کو سراہتے ہوئے بہترین کوآرڈنیشن کے لیے انرجی پلاننگ ورکنگ گروپ چائنہ کی جانب سے فوکل پرسن مقرر کرنے کا اعلان کیا ۔وزیراعلیٰ نے چینی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں