شہباز شریف اپنے 9اور میرے 5 سال کے کاموں اور قیمتوں کا اصلی و عوامی سروے کروائیں‘ چوہدری پرویزالٰہی ،حکمران اپنی برتری کا غلط پراپیگنڈہ کر کے چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی بڑھا رہے ہیں، ہماری ایک سکیم ناکام ،ان کی ایک بھی کامیاب نہیں ہوئی،دنیا کی تاریخ میں یہ پہلا وزیر دفاع ہے جس نے اپنے ہی ملک کی فوج کو برا بھلا کہا ہو‘ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما کی پریس کانفرنس

منگل 15 اپریل 2014 20:12

شہباز شریف اپنے 9اور میرے 5 سال کے کاموں اور قیمتوں کا اصلی و عوامی سروے کروائیں‘ چوہدری پرویزالٰہی ،حکمران اپنی برتری کا غلط پراپیگنڈہ کر کے چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی بڑھا رہے ہیں، ہماری ایک سکیم ناکام ،ان کی ایک بھی کامیاب نہیں ہوئی،دنیا کی تاریخ میں یہ پہلا وزیر دفاع ہے جس نے اپنے ہی ملک کی فوج کو برا بھلا کہا ہو‘ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما کی پریس کانفرنس

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے شہبازشریف کو چیلنج کیا ہے کہ وہ پنجاب میں اپنی حکومت کے 9 اور میرے 5 سال کے دوران ہونے والے عوامی فلاحی و ترقیاتی کاموں، ضروری استعمال کی اشیاء کی قیمتوں اور امن عامہ کے بارے میں اصلی و عوامی سروے کروائیں،پاکستان میں دنیا کی تاریخ کا پہلا وزیردفاع ہے جس نے اپنے ہی ملک کی فوج کو برا بھلا کہا ہو اور یہ قومی المیہ ہے، حکمران اپنی برتری کا غلط پراپیگنڈہ کر کے چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی بڑھا رہے ہیں۔

ہماری ایک سکیم ناکام اور ان کی ایک بھی کامیاب نہیں ہوئی۔ وہ یہاں مسلم لیگ ہاؤس میں صوبائی تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس میں پارٹی اور ہر ونگ کی ضلع وار تنظیم سازی میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اسے سراہا اور آرگنائزنگ کمیٹی، ونگز کے صدور اور عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حقیقی سروے سے پتہ چل جائے گا کہ پنجاب میں ہماری حکومت کے بعد موجودہ حکمرانوں کے دور میں آٹا، چینی، دالوں، گھی وغیرہ، ڈکیتیوں، جرائم، خود کشیوں، اغواء برائے تاوان، گاڑیاں موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں اور سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کتنے گنا اضافہ ہوا ہے، کتنے لوگوں کو زکوٰة اور ہسپتالوں میں فری ادویات نہیں مل رہیں، ہمارے بنائے گئے کتنے ہسپتال، برن یونٹ، سکول، کالج چالو نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے من پسند سروے کے ذریعہ دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو نیچا دکھانے کی کوشش نہایت افسوسناک ہے، حالانکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ پہلے تین سال کے بعد اب چھ سال سے وزیراعلیٰ ہیں جبکہ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کو صرف دس ماہ ہوئے ہیں، دس ماہ کا چھ سال کی کارکردگی سے مقابلہ سراسر زیادتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کہ حقیقی سروے میں پتہ چل جائے گا کہ پیلی ٹیکسی، آشیانہ، ٹریکٹر اور دیگر سکیمیں کہاں گئیں، 2 روپے کی روٹی کہیں نہیں لیکن سستی روٹی اتھارٹی پر 22 ارب روپے خرچ ہو گئے، خدا کا شکر ہے کہ 1122 سمیت ہماری سکیموں کو یہ بند نہیں کر سکے لیکن ان میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں نہیں چھوڑ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے چھوٹے مکانوں اور 12 ایکڑ اراضی پر ٹیکس ختم کیا انہوں نے پھر سے لگا دیا، ہم 14 لاکھ بیروزگاروں کو روزگار دیتے تھے یہ چھین رہے ہیں جبکہ خواتین، بچیوں اور بچوں سے زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن مجرموں کو سزا تو کیا پکڑے بھی نہیں جا رہے۔ پاک فوج پر وزیردفاع کی تنقید کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیردفاع کا یہ کہنا قومی المیہ ہے کہ انہوں نے جنگیں ہاریں اور پیسے کھا جاتے ہیں لیکن یہ 63جی بھی پڑھ لیں جس کے تحت فوج اور عدلیہ پر تنقید کرنے والے پارلیمنٹرین نا اہل ہو جاتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غیر ملکی انوسٹمنٹ کے محض دعوے ہیں، ایک ہفتہ اُدھر جاتے ایک ہفتہ اِدھر رہتے ہیں لیکن ایک بھی منصوبہ پر عمل نہیں ہوا۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں عالمی ریکارڈز کے نام پر دھوکہ دہی اور ایک ارب روپے کے صوبائی نقصان کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ گینز بک ریکارڈ والوں نے صرف ایک ریکارڈ تسلیم کیا ہے اس دھوکہ دہی کا مقدمہ درج ہونا چاہئے۔

بلدیاتی الیکشن کے بارے میں انہوں نے جواب دیا کہ یہ حکمران نچلی سطح پر اختیارات دینے کی بجائے کونسلر کے اختیارات بھی خود استعمال کرنا چاہتے ہیں اس لیے بلدیاتی الیکشن نہیں کرائیں گے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں اضافہ کے بارے میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپنے پچھلے دور میں احتجاجی جلوسوں کی قیادت کرنے والے شہباز شریف اپنا نام تبدیل کرنے کے وعدے کے مطابق نیا نام خود تجویز کر دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں