قومی کرکٹرز سعید اجمل اور محمد حفیظ نے مستقبل کے اسٹار زکھلاڑیوں کی تلاش شروع کر دی

منگل 15 اپریل 2014 17:26

قومی کرکٹرز سعید اجمل اور محمد حفیظ نے مستقبل کے اسٹار زکھلاڑیوں کی تلاش شروع کر دی

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15اپریل 2014ء) قومی کرکٹرز سعید اجمل اور محمد حفیظ نے مستقبل کے اسٹار زکھلاڑیوں کی تلاش شروع کر دی ، سعید اجمل فیصل آباد میں ”لائل پور ٹیلنٹ ہنٹ“کے نام سے نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لے رہے ہیں اور انہیں تربیت دینے کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے ۔ دوسری جانب سرگودھا میں محمد حفیظ ”اسکلز ٹو شائن“نامی پانچ روزہ کیمپ شروع کر رکھا ہے ۔

سعیداجمل بالخصوص اسپن گیندبازوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے پیش پیش ہیں جبکہ حفیظ پاکستان انڈر19 کے سابق کوچ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ منصور رانا کے ساتھ سرگودھا میں ہیں۔ سرگودھا میں ٹرائلز کے بعد اب ان کھلاڑیوں کا پانچ روزہ تربیتی کیمپ لگایاجارہاہے جس میں منصور رانا ذمہ دار ہوں گے جبکہ پاکستان کے سابق فیلڈنگ کوچ اور حال ہی میں قومی خواتین ٹیم کی کوچنگ کرنے والے محتشم رشید بھی ان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے منصور رانا نے بتایا کہ اس کیمپ میں چالیس سے پچاس لڑکوں کو اگلے پانچ روز تک بھرپور تربیت دی جائے گی جس میں صبح کے سیشن میں فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ کی مشقیں ہوں گی جبکہ شام کے سیشن میں نیٹ پر بلے بازوں اور گیندبازوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ اگر پاکستان کے دیگر تجربہ کار کھلاڑی بھی سعید اجمل اور محمد حفیظ کی پیروی کریں، تو مستقبل کے لیے پاکستان کو کئی باصلاحیت کھلاڑی میسر آ سکتے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں