لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے بینک نادہندگان کیخلاف کارروائی پر فریقین کے وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کرلیا

جمعہ 11 اپریل 2014 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے نیب کی جانب سے بینک نادہندگان کیخلاف کارروائی کی دائر درخواستوں پر فریقین کے وکلاء کو مزید دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ کے رو برو سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اپنایا کہ مختلف بینکوں نے 5 کروڑ روپے سے کم مالیت کے قرضے واپس نہ کرنے والوں کیخلاف بینکنگ کورٹ اور 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے قرضے واپس نہ کرنیوالے شہریوں کیخلاف ہائیکورٹ میں ریکوری کیلئے کیس دائر کر رکھے ہیں لیکن بینکوں نے ان شہریوں کیخلاف نیب میں بھی ریفرنس دائر کردئیے ۔

قانون کے مطابق جب تک کیس عدالت میں زیر سماعت ہوبینک ان کو ڈیفالٹر قرار نہیں دے سکتا ۔سماعت کے دوران نیب اور مختلف بینکوں کی جانب سے وکلاء نے موقف اپنایا کہ نیب آرڈیننس کے سیکشن 9 کے تحت قرضے واپس نہ کرنا قانونی جرم ہے ۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کو مزید دلائل کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت 20اپریل تک ملتوی کردی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں