سرکاری ترقیاتی سکیموں میں غیرمعیاری پائپ لائن بچھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ وزیر ہاؤسنگ پنجاب ،پینے کے پانی اور نکاسی آب کے لئے استعمال ہونے والے پائپوں کی میعاد کم از کم پچاس سال ہوگی‘تنویر اسلم اعوان

جمعہ 11 اپریل 2014 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء) صوبائی وزیر ہاؤسنگ ، تعمیرات و مواصلات ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک تنویر اسلم اعوان نے گزشتہ روز پنجاب میں پہلی موبائل پائپ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کردیا۔یہ موبائل لیب کسی بھی جگہ جہاں سرکاری سکیمیں شروع کی جائیں گی پینے کے پانی اور نکاسی آب کے لئے بچھائے جانے والے پائپوں کا معائنہ کرکے این او سی جاری کرے گی۔

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اس سے قبل سرکاری ترقیاتی سکیموں میں استعمال ہونے والے پائپوں کی معیاد پانچ سے دس سال تک محدود ہو کر رہ گئی تھی مگر اب اس لیبارٹری کے قیام سے غیرمعیاری پائپوں کا استعمال روکنے اور ایسے ٹھیکیداروں کی حوصلہ شکنی ہوگی جو غیرمعیاری پائپ استعمال کرتے ہیں۔اب ترقیاتی سکیموں صرف بین الاقوامی معیار کے پائپ استعمال ہوں گے جن کی مدت کم از کم پچاس سال ہوگی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اس سے قبل محکمہ ہاؤسنگ کے دفتر واقع چوبرجی میں اسی نوعیت کی ایک مستقل ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح بھی کرچکے ہیں۔ ان لیبارٹیوں کے لئے متعلقہ محکمے کے اہلکاروں کی تربیت مکمل کی جاچکی ہے- ان لیبارٹیوں کی تنصیب کے لئے ایگرو پولیمر کیمیکل لمیٹڈ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔اس لیبارٹری کی کامیابی کے بعد اس کی تنصیب کا سلسلہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی کیا جائے گا۔

تنویر اسلم اعوان نے دونوں لیبارٹریوں میں پائپ ٹیسٹ کئے جانے کے عمل کا تفصیلی معائنہ کیا-انہیں بتایا گیا کہ ایک گھنٹے کے اندر پائپوں کے چار ٹیسٹ کرکے مصدقہ رپورٹ تیارکرلی جاتی ہے۔افتتاح کے موقع پر صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ وسیم مختار،منیجر مارکیٹنگ سید نئیر اقبال ، ایڈیشنل سیکرٹری شاہد لطیف ، ٹیکنیکل ایڈوائزر زبیر اشرف اور سید ذوالفقار حسین بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں