وزیراعلیٰ شہباز شریف کی نوازشریف کے ہمراہ چینی وزیراعظم اور ایگزم بینک کے صدر و چےئرمین سے ملاقاتیں، دوست ممالک کی مدد سے توانائی کے حصول ،انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اورتعلیم کے شعبوں کو تیز رفتار ترقی دینا چاہتے ہیں‘شہبازشریف ،چینی کمپنی سے لوہے کی تلاش کا معاہدہ کیاگیا ہے،مقامی لوہے سے سٹیل مل کی راہ ہموار ہوگئی ہے، روزگار کے ایک لاکھ نئے مواقع پیدا ہونگے،پاکستان اور چین کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب کی سطح پر بھی باہمی تعاون کے تاریخی معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی ہے‘وزیراعلی پنجاب کی میڈیا سے گفتگو ۔ تفصیلی خبر

جمعرات 10 اپریل 2014 22:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے بیرونی دوروں کا کلیدی مقصد توانائی کے بحران کا خاتمہ اور دوست ممالک کی مدد سے انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اورتعلیم کے شعبوں کی تیز رفتار ترقی ہے۔ وہ جمعرات کے روز اپنے دورہ چین کے دوسرے روز باوٴ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب کی سطح پر بھی باہمی تعاون کے تاریخی معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔اس ضمن میں انہوں نے رجوعہ ۔چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خصوصی طورپر ذکرکرتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنی کے ساتھ رواں ماہ کے آغاز میں رجوعہ چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر کی تلاش کے حوالے سے تاریخی معاہدہ کیا گیا ہے اورچینی کمپنی کے ساتھ معاہدے سے پنجاب میں ملکی لوہے سے چلنے والی پاکستان کی پہلی سٹیل مل کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور اس منصوبے سے علاقے میں روزگار کے ایک لاکھ سے زائدنئے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ رجوعہ۔ چنیوٹ میں خام لوہے کے معیار کے ابتدائی نتائج انتہائی حوصلہ افزا ء ہیں اور یہاں کا لوہامعیار کے اعتبار سے برازیل ،روس اور بھارت کے لوہے سے کسی طو ر پر کم نہیں ہے جبکہ لوہے کے ساتھ دیگر قیمتی معدنی ذخائر بھی رجوعہ ۔چنیوٹ میں موجود ہیں۔چینی کمپنی کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت لوہے سمیت قیمتی معدنی ذخائر کی تلاش سے ترقی اورخوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پنجاب حکومت نے چین کے ایک بڑے گروپ کے تعاون سے جدید سہولیات سے مزین قائداعظم اپیرل پارک قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ،ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں کی ترقی کے لیے قائداعظم اپیرل پارک کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس منصوبے کے لیے چین کا گروپ 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گااوراس منصوبے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اسی چینی گروپ نے ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں 135 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس لگانے میں تعاون میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ چینی کمپنیو ں کی جانب سے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بے پناہ تعاون دونوں ملکوں کے بڑھتے ہوئے تجارتی و معاشی تعلقات کا عکاس ہے۔ چین نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور پاک چین دوستی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے،بلاشبہ پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

دونوں ملکوں کے تعلقات مفید معاشی روابط میں بدل چکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے باعث غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ چینی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں اور مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران مجھے سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر جو محبت اوراحترام ملا ہے میں اس کے لیے اپنے چینی دوستوں کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے ہمراہ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ (Mr.Li KeQiang) اور ایگزم بینک کے چیئرمین و صدر لی روگو (Mr.Li Ruogu) سے بھی ملاقات کی۔

چینی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور چین کی موجودہ قیادت پاکستان سے معاشی و تجارتی روابط کو فروغ دے رہی ہے۔چین کی تیز رفتار ترقی پاکستان سمیت اقوام عالم کیلئے رول ماڈل ہے۔

پاکستان کیلئے چین کے تاریخی سرمایہ کاری پیکیج پر چینی حکومت اور قیادت کے شکرگزار ہیں۔ ایگزم بینک کے چیئرمین و صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران میگا پراجیکٹس کی فنانسنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ ایگزم بینک کی جانب سے توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے باؤ ایشیا فورم کے علاوہ "Reviving Silk Road-A Dialogue with Asian Leaders" کے سیشن میں بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی سرمایہ کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز سے بھی ملاقات کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں