آج دنیا بھر میں ڈیجیٹل اکانومی کا دور ہے، دنیا میں ہر روز نئے علوم وجود میں آرہے ہیں‘ رانا مشہود احمد خان

جمعرات 10 اپریل 2014 17:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ دنیا میں ہر روز نئے علوم وجود میں آرہے ہیں، آج دنیا بھر میں ڈیجیٹل اکانومی کا دور ہے، عالمی برادری کا ایک اہم رکن ہونے کے ناطے پاکستان کی نئی نسل کو نئی تکنیک کے ساتھ ورلڈ کلاس ایجوکیشن دینا وقت کی ضرورت بن چکا ہے، حکومت پنجاب کو اس ضرورت کا شدت سے ادراک ہے اور ہم اس سلسلے میں ضرور ی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ نئی نسل کو نئے علوم تک رسائی کے لئے درکار ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کیمبرج انٹرنیشنل ایگزیمینیشن سسٹم کے سربراہ مائیکل او سولیون کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی ماہرین تعلیم کے وفد کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں برٹس کونسل پاکستان کے ڈائریکٹر پیٹراپٹن، ڈائریکٹر ایگزیمینیشن سروسز مرے کیلراور برٹش کونسل سے منسلک دیگر پاکستانی نژاد ماہرین کے علاوہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان سمیت پنجاب اسمبلی کی متعدد ارکان نے شرکت کی۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا کے دیگر تمام ممالک میں نئی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی جاننے والے نوجوانوں کی ضرورت ہر شعبے میں بڑھ رہی ہے اور وہ لاکھوں روپے ماہانہ معاوضہ پاتے ہیں جبکہ عمومی تعلیم والوں کو ڈھنگ کی ملازمت بھی نہیں ملتی کہ وہ اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھ سکیں۔ان حالات میں ضروری ہوگیا ہے کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں میں روایتی نصاب پڑھانے تک محدوود رہنے کی بجائے نئی نسل کو ان مہارتوں سے آراستہ کریں جن کے ذریعے وہ عالمی سطح پر نوع انسانی کو درپیش حقیقی مسائل سمجھ سکیں اورپورے اعتماد کے ساتھ ان کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تعلیمی نصاب کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نظریاتی ویژن اور اپنی ثقافت و روایات کی روشنی میں کیمبرج انٹرنیشنل ایگزیمینیشن سسٹم اور عالمی سطح پر رائج دیگر طریقہ ہائے تعلیم سے استفادہ کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے اس سلسلے میں برٹش کونسل آف پاکستان کی جانب سے حکومت پنجاب کے ساتھ عملی تعاون پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آنے والے دنوں میں اس تعاون میں مزید وسعت لائی جائے گی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجرجنرل (ر) محمد اسلم خان نے کہا کہ امریکہ اور دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک میں پاکستانی ڈاکٹروں کی نمایاں کامیابی کا راز یہی ہے کہ پاکستان میں میڈیکل کالجوں میں عالمی پیمانے پر رائج طبی علوم کی تدریس کا بندوبست موجود ہے اور ہمارے ڈاکٹروں کا پلس پوائنٹ یہ بھی ہے کہ وہ انگریزی میں مہارت کے حوالے سے دیگر ایشیائی ممالک کے ڈاکٹروں سے کہیں زیادہ آگے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں