فیلڈ افسران نہروں کی تعمیر و مرمت کے کاموں کی از خود نگرانی کریں ‘ صوبائی وزیر آبپاشی کی ہدایت ،تعمیراتی کاموں میں کوالٹی کا معیار برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت میں غفلت نہ برتی جائے‘ میاں یاور زمان

بدھ 9 اپریل 2014 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اپریل۔2014ء)صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے ہدایت کی ہے کہ فیلڈ افسران نہروں کی تعمیر و مرمت کے کاموں کی از خود نگرانی کریں تا کہ کوالٹی کا معیار برقرار رہے ،اس عمل کے لئے افسران کو متواتر فیلڈ وزٹ کرنا ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روزا پنے دفتر میں مختلف کینال ڈویژنز کے ایگزیکٹو انجینئرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفد میں ایگزیکٹو انجینئر لاہور ڈویژن صداقت لطیف ، ایگزیکٹو انجینئر اوکاڑہ سید شریف شاہ ،ایگزیکٹوانجینئر قادرآباد، چوہدری لیاقت علی کے علاوہ دیگر کئی افسران بھی شامل تھے۔ صوبائی وزیر نے گفتگو کے دوران بتایا کہ صوبہ بھر میں نہروں کی تعمیر و مرمت کا عمل تیزی سے جاری ہے تا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ترقیاتی کام مکمل ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس ضمن میں افسران کو ہدایت کی کہ وہ نہروں پر تعینات عملے کی نہروں پر حاضری یقینی بنائیں تا کہ ترقیاتی کاموں کی مسلسل چیکنگ ہو سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایگزیکٹو انجینئر ز اپنے کینال ڈویژنز میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی از خود نگرانی بھی کریں جس کے لئے انہیں فیلڈ وِزٹس بڑھانا ہونگے۔ میاں یاور زمان نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں کوالٹی کا معیار برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت میں غفلت نہ برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی موثر ترسیل کے لئے ضروری ہے کہ نہری ڈھانچہ اپنی بہترین حالت میں رہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پنجاب حکومت نہری تنصیبات و ڈھانچے کی بہتری کے لئے تمام ضروری وسائل مہیا کررہی ہے تا کہ کسان برادری کو نہری پانی سے خاطر خواہ انداز میں مستفید کیا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے نہری پانی کی بہتر ترسیل کو بھر پور زرعی پیداوار کی ضمانت قرار دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں