سپورٹس بورڈ پنجاب اور لٹویا کی حکومت کے مابین کھیلوں کے فروغ کیلئے معاہدہ ،ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور اور لٹویا کے روڈ ولف بریمنس نے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے، کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں میں تعاون کیا جائیگا

اتوار 6 اپریل 2014 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب اور لٹویا کی حکومت کے مابین کھیلوں کے فروغ کیلئے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور اور لٹویا کے ہیڈ آف ڈویژنل پالیسی ڈیپارٹمنٹ روڈولف بریمنس نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ہونے والی تقریب میں معاہدے کی یاد داشت پر دستخط کئے ،تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان تھے اس موقع پرلٹویا کے سفیر ایگورژ اپوکنگ بھی موجود تھے۔

ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ، سابق کپتان سلمان بٹ کے علاوہ ممتاز فلم ڈائریکٹر سید نور اور لٹویا کے اعزازی قونصل جنرل گلوکار وارث بیگ نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب میں پنجاب یوتھ فیسٹیول کے بارے میں دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جسے معزز مہمانوں نے خوب سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود نے کہا کہ لٹوین حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال اور باسکٹ بال کے فروغ کیلئے کام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے پاکستا ن کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے آرہا ہے ، پاکستانی نژاد شہریوں پر مشتمل کرکٹ ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورہ پرہے اور میزبان ٹیموں کے خلاف مقابلوں میں حصہ لے رہی ہے اس سے قبل قطر کی کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا امید ہے کہ مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کے ویژن کے تحت باصلاحیت نوجوانوں کے لئے دنیا کے دروازے کھول دئیے ہیں جس کے مطابق پاکستان میں کھیلوں اور ثقافت کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جارہا ہے۔اس موقع پر لٹویا کے سفیر ایگورژ اپوکنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرتپاک استقبال پر میں حکومت پنجاب کا مشکور ہوں اور مجھے سپورٹس بورڈ پنجاب میں آکر بے حد خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کھیلوں اور تعلیم کے شعبہ میں بہترین کام کررہی ہے اوراس معاہدے کے تحت دونوں ممالک مختلف شعبوں بالخصوص سپورٹس اور تعلیم میں ایک دوسرے کے تجربات سے استعفادہ کریں گے۔ ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے کہا کہ کھیلوں کے شعبہ میں تکنیکی اعتبار سے لٹویا خاصا بہتر ہے ہم ان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے دونوں ممالک کے مابین معاہدے پر دستخط بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایم او یو کا دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں