ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کے ساتھ دیگر ٹیموں میں بھی پاکستانیوں نے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے،مشتاق احمد، ثقلین مشتاق اور عاقب جاوید کوچنگ کرتے دکھائی دئیے، نیدرلینڈز سمیت کئی سائیڈز کو پاکستانی پلیئرز کی خدمات حاصل رہیں

اتوار 6 اپریل 2014 20:36

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کے ساتھ دیگر ٹیموں میں بھی پاکستانیوں نے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے،مشتاق احمد، ثقلین مشتاق اور عاقب جاوید کوچنگ کرتے دکھائی دئیے، نیدرلینڈز سمیت کئی سائیڈز کو پاکستانی پلیئرز کی خدمات حاصل رہیں

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کے ساتھ دیگر ٹیموں میں بھی پاکستانیوں نے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، مشتاق احمد، ثقلین مشتاق اور عاقب جاوید کوچنگ کرتے دکھائی دئیے،جبکہ نیدرلینڈز سمیت کئی سائیڈز کو پاکستانی پلیئرز کی خدمات حاصل رہیں، انگلینڈ کیخلاف میچ وننگ بولنگ کرنے والے میڈیم پیسر مدثر بخاری کی پیدائش گجرات کی ہے۔

۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹونٹی میں گرین شرٹس سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے،اپنی ٹیم کے ساتھ کئی دیگر سائیڈز میں بھی پاکستانی نژاد کوچز و پلیئرز نے صلاحیتوں کا لوہا منوایا، انگلش ٹیم کے ساتھ مشتاق احمد بطور اسپن بولنگ کوچ وابستہ رہے، ویسٹ انڈیزکے لئے یہی کردار ثقلین مشتاق نے نبھایا، عاقب جاوید نے یو اے ای کی کوچنگ کے فرائض انجام دئیے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دینے والی ٹیم نیدرلینڈز کے آل راؤنڈر مدثر بخاری پنجاب کے شہر گجرات میں پیدا ہوئے تھے، جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر کی پیدائش لاہور میں ہوئی، وہ پاکستان انڈر19اور اے سمیت کئی ڈومیسٹک ٹیموں کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔

زمبابوے کے سکندر رضا سیالکوٹ سے تعلق رکھتے تھے۔کپتان خرم خان اور فیضان آصف سمیت یو اے ای کے6 کرکٹرز پاک سرزمین میں ہی پیدا ہوئے، ان میں امجد علی (لاہور)، روہان مصطفی (کوہاٹ)شیمان انور (سیالکوٹ)شریف اسداللہ (کراچی)بھی شامل ہیں، چند کرکٹرز کو مقامی ٹیموں کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہو چکا۔

افغان کپتان محمد نبی بھی پاکستان میں کرکٹ کھیلتے رہے، ان کے نائب گلبدین کی پیدائش پشاور کے قریبی گاؤں کی ہے۔ ہانگ کانگ کے تو 10کرکٹرز پاکستان میں پیدا ہوئے، ان میں وقاص بابر ( راولپنڈی)، بابر حیات (اٹک)، تنویر افضال (گجرات)، احسان نواز (اٹک)، حسیب امجد (راولپنڈی)، منیر ڈار (گجرات)، نجیب امر (ڈیرہ غازی خان)، ندیم احمد (ملتان)جبکہ نزاکت خان اور عرفان احمد بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا ثقلین مشتاق کے مطابق ایونٹ میں اتنی بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی شرکت باعث فخر تھی،اس سے ظاہر ہوگیاکہ ہماری سرزمین کرکٹ کے حوالے سے کتنی زرخیز ہے ۔ انہوں نے نے کہا کہ پاکستان کو جب بھی میری ضرورت ہوئی خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہوں گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں