لاہور ہائیکورٹ کاپنجاب حکومت کوعدالتی عملے کو 20فیصد ایڈہاک جوڈیشل الاؤنس کی ادائیگی کا حکم

جمعہ 4 اپریل 2014 16:39

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4اپریل 2014ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے پنجاب حکومت کوعدالتی عملے کو 20فیصد ایڈہاک جوڈیشل الاؤنس کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کی مالیاتی آزادی کے معاملات کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد دیکھیں گے ۔عدالتوں کے عملے کو 50فیصد ایڈ ہاک جوڈیشل الاؤنس کی ادائیگی کے کیس کی سماعت جمعہ کے روز ہوئی ۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اپنایا کہ معزز عدالت مالیاتی آزادی اپنے پاس رکھے ایسا نہ کرنے سے اسکی آزادی متاثر ہو گی ۔

(جاری ہے)

عدالتوں کے عملے کو الاؤنس کی ادائیگی تو نہیں کی جارہی لیکن دوسرے منصوبوں کے لئے ضمنی بجٹ آ جاتا ہے ۔ پنجاب حکومت کی طرف سے قائمقام ایڈووکیٹ جنرل مصطفی رمدے اورسیکرٹری خزانہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ مالی مسائل کے باعث حکومت 50فیصد ایڈہاک جوڈیشل الاؤنس نہیں دے سکتی لیکن حکومت 20فیصد ادائیگی کے لئے تیار ہے ۔ جس پر چیف جسٹس نے 20فیصد الاؤنس کی فوری ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں گرانٹ رکھیں ۔ بجٹ کے بعد عدلیہ کی مالیاتی آزادی کے معاملے کو دیکھیں گے ۔ جبکہ کیس کی مزید سماعت بجٹ کے بعد تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں