وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ سے تعلق رکھنے والے شیرازی برادران کی ملاقات،حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے‘ شہباز شریف

جمعرات 3 اپریل 2014 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ سے تعلق رکھنے والے شیرازی برادران ایم این اے ایاز علی شاہ شیرزای، ایم پی اے سید اعجاز علی شاہ شیرازی، سابق ایم این اے سید شفقات حسین شیرازی، سید ریاض حسین شاہ شیرازی اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) ٹھٹھہ حاجی حنیف میمن نے جمعرات کے روز یہاں ملاقات کی۔

وزیراعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی قوتوں اور پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔ حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی سرمایہ کاروں نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے یہی وجہ ہے کہ متعدد غیرملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ عوام کی بے لوث خدمت اور ان کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ہے۔ وفد کے ارکان نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف جس طرح پنجاب کے عوام کی بہتری کیلئے کوششیں کر رہے ہیں وہ دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں