ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کا توانائی کے استعمال میں بچت کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانا خوش آئند ہے ‘رانا اقبال

جمعرات 3 اپریل 2014 16:18

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اپریل 2014ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے اور انشا اللہ اس میں سر خرو ہونگے ، دنیا میں ایسی جدید ٹیکنالوجی متعارف ہو چکی ہے جس کی بدولت کم بجلی استعمال کر کے بھرپور نتائج حاصل کئے جاتے ہیں ، ایچ وی اے سی آر سوسائٹی بھی پاکستان میں اسی طرز کی ٹیکنالوجی متعارف کرا رہی ہے جو قابل تعریف ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر لاہور میں ہیٹنگ ،وینٹی لیشن ، ائیر کنڈیشنگ ،ریفریجریشن (ایچ وی اے سی آر سوسائٹی )کے زیر اہتمام تین روزہ 21ویں سالانہ نمائش اور کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نمائش و کانفرنس کے کنوینر اور صدر عشرے سینٹرل پاکستان صفدر علی مغل ، چیئرمین ایچ وی اے سی آر سوسائٹی لاہور چیپٹر محمد بوٹا ‘ مصطفی خالد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا کہ مذکورہ نمائش اور کانفرنس ملکی ائیر کنڈیشنگ کی صنعت میں جدیدیت ‘ معیشت کو مضبوط کرنے ،بیروزگار ی کے خاتمے اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اس لئے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ جس بھی شعبے سے وابستہ ہے وہ پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو توانائی بحران کا سامنا ہے ۔ دنیا میں ایسی جدید مصنوعات او رآلات متعارف کرائے جا چکے ہیں جس سے کم بجلی کے استعمال سے زیادہ نتائج حاصل کئے جاتے ہیں اور ایچ وی اے سی آر بھی اپنی انہی کاوشوں کو آگے بڑھا رہی ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔ نمائش و کانفرنس کے کنوینر صفدر علی مغل نے کانفرنس کے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اکیسویں ایچ وی اے سی آر ایکسپو میں 250کے قریب ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے سٹالز لگائے گئے ہیں ،لوگوں کی کانفرنس اور نمائش میں غیر معمولی توجہ کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا فائدہ ہماری صنعت کو بھی ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں گرین انوائرمنٹ کی بات ہو رہی ہے اورگرین ورلڈ اور گرین بلڈنگز بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ہماری اس نمائش اور کانفرنس کے انعقاد کا مقصد بھی دنیا میں ان کوششوں سے استفادہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انرجی سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس نمائش میں ایسی مصنوعات متعارف کروائی گئی ہیں جس سے انرجی کا استعمال کم سے کم کیا جا سکتا ہے ۔ تقریب سے دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے بعد ازاں مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور نمائش میں رکھی ہوئی مصنوعات کے معیار کی تعریف کی ۔تین روز ہ21ویں نمائش اور کانفرنس 3تا 5اپریل تک ایکسپو سنٹر لاہور میں جاری رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں