دیا میر بھاشا ڈیم پاکستانی معیشت اور عوام کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ‘حمزہ شہباز،ڈیم کے متاثرین کے لئے رہائش، تعلیم اور روزگار کی تمام سہولیات یقینی بنائی جائیں گی ، مقامی افراد کو یقین دہانی

منگل 1 اپریل 2014 22:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اپریل۔2014ء) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی ہدایت پر دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے ارکان نے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں مجوزہ ڈیم کی سائٹ اور ملحقہ رہائشی کالونی کا دورہ کیا- اس موقع پر چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان یونس ڈاگھا نے حمزہ شہباز شریف اور کمیٹی کے دیگر ارکان چوہدری سعود مجید، عطاتارڑ اور ملک حسن اقبال کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی-حمزہ شہباز شریف نے علاقہ مکینوں کی کالونی تھورمیں مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیا میر بھاشا ڈیم پاکستانی عوام اور معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کا حامل ہے - وزیر اعظم محمد نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو دیا میر بھاشا ڈیم کی مقررہ وقت پر تعمیر یقینی بنانے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں- حکومت پاکستان اس منصوبے کو وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ناگزیر سمجھتے ہوئے اس کی تکمیل میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی- انہوں نے کہا کہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تکمیل پاکستان اور اس کے عوام کی تقدیر بدل دے گی - حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متاثر ہونے والے مقامی افراد کو متبادل رہائشی سہولیات ، روزگار اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے حکومت نے جامع منصوبہ بندی کی ہے - علاقے میں تین ماڈل ویلج بنائے جائیں گے جہاں رہائشیو ں کو شہری معیار کے سکول، ہسپتال اور روزگار کی سہولیات میسر ہوں گی- متاثرین کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کی جانے والی تمام سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا -حمزہ شہباز شریف نے مقامی افراد کو یقین دلایا کہ ان کے متبادل رہائش اور بحالی کے حوالے سے جائز مطالبات ضرور پورے کئے جائیں گے-انہوں نے کہا کہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر نہ صرف علاقے بلکہ پورے پاکستان کے لئے ترقی، خوشحال اور اچھے دنوں کی نوید لائے گی- توانائی کے بحران سمیت ملک کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لئے وزیر اعظم نواز شریف نے اپنا دان رات ایک کر رکھا ہے - عوام کو اپنی قیادت کی پرخلوص اور انتھک کوششوں پر مکمل اعتماد ہے اور وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب پاکستان کے مقدر کا ستارہ چمکے گا-

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں