بھارت نے پاکستان کی 4 رکنی جونیر اسنوکر ٹیم کو ایشین چمپئن شپ میں شرکت کے لئے ویزا دینے سے انکار کردیا

ہفتہ 29 مارچ 2014 20:03

بھارت نے پاکستان کی 4 رکنی جونیر اسنوکر ٹیم کو ایشین چمپئن شپ میں شرکت کے لئے ویزا دینے سے انکار کردیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) بھارت نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی 4 رکنی جونیر اسنوکر ٹیم کو ایشین چمپئن شپ میں شرکت کے لئے ویزا دینے سے انکار کردیا۔پاکستان کی 4 رکنی جونیر اسنوکر ٹیم کو 4 سے 10 اپریل تک ایشین جونیر اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے چندی گڑھ جانا تھا تاہم پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کی انتظامیہ کے مطابق بھارتی اسنوکر فیڈریشن نے سرکاری طور پر اطلاع دی ہے کہ بھارتی حکومت نے کھلاڑیوں کی شرکت کے لئے این او سی جاری نہیں کیا کیونکہ بھارت میں الیکشن کی گہما گہمی کے باعث متعلقہ وزیر نئی دلی میں موجود نہیں۔

پاکستان کی 4 رکنی ٹیم میں ٹاپ سیڈ ماجد علی، حمزہ اکبر، عامر طارق اور عاطف ندیم شامل تھے جبکہ ٹیم کے کوچ سابق عالمی چمپئن محمد یوسف ہیں۔

(جاری ہے)

پی بی ایس اے کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بری خبر ہے کھلاڑیوں نے ایونٹ کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی تھی اور ان کے پاس تمغے جیتنے کا سنہری موقع تھا لیکن بدقسمتی سے ویزے نہ ملنے کے باعث ہماری ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے ایشین کنفڈریشن آف بلیئرڈ سپورٹس میں احتجاج جمع کرا دیا ہے اور ہم متحدہ عرب امارات میں شیڈول اے سی بی ایس کے سالانہ جنرل اجلاس میں بھی اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں