غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی ،کفایت شعاری اور مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنا کر پنجاب کی معیشت کو خود انحصاری کے راستے پر گامزن کیا ‘ شہباز شریف ،میرٹ کی بالادستی اورکرپشن سے پاک نظام ہی ملک کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کرسکتا ہے ،کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردارادا کرنا ہے ،حکومتی نظم و نسق اور پالیسیوں میں شفافیت اور میرٹ ہمیشہ (ن) کا طرہ امتیاز رہا ہے ،کرپشن کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں،تعلیمی شعبہ میں کی گئی اصلاحات اوراقدامات کی بدولت پنجاب کا کوئی ذہین بچہ محض مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا،پاکستان مسلم لیگ (ن )کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اراکین اسمبلی ،مسلم لیگی عہدیداروں اورکارکنوں کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 29 مارچ 2014 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی ،کفایت شعاری اور مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنا کر پنجاب کی معیشت کو خود انحصاری کے راستے پر گامزن کیا ہے ،تمام تر وسائل عوام کی ترقی و خوشحالی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگراموں پر نہایت شفاف انداز میں صرف کیے جارہے ہیں۔

صوبے بھر میں تعلیم،صحت ،انفراسٹرکچر اورسماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں میگاپراجیکٹس مکمل کیے گئے ہیں جن سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔غریب طبقات کی فلاح اور غریب گھرانوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں، عوام کی تکالیف کے ازالے ،ان کے مسائل کے حل اورعوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا گیا ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اوران سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں رائے ونڈ میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اورکارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلی محمد شہباز شریف کہا کہ حکومتی نظم و نسق اورپالیسیوں میں شفافیت اورمیرٹ ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن ) کا طرہ امتیازرہا ہے ۔میرٹ پالیسی پر عملدر آمد اورکرپشن سے پاک نظام ہی ملک کو ترقی کی مزل سے ہمکنار کرسکتا ہے ۔

صوبے میں میرٹ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہاہے اورکرپشن کے خاتمے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں ۔کرپٹ نظام اور کرپشن ملک کی ترقی میں بڑ ی رکاوٹ ہے ۔کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے ۔معاشرہ کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردارادا کرنا ہے ۔،پنجاب میں تمام ترقیاتی منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کیے گئے ہیں۔

وسائل کوقوم کی امانت گردانتے ہوئے ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے ۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنت فنڈ،دانش سکول ، انفراسٹرکچرکے منصوبے اور میٹروبس سروس شفافیت ،معیار اورعوامی خدمت کے بے مثال منصوبے ہیں۔لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ بھی کرپشن کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔یہ منصوبہ اسی سال مکمل کرلیا جائے گا۔

جس سے عوام کو جائیدادوں کے انتقال،فرد ملکیت کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوں گی اور استحصالی کلچر سے نجات ملے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں ایسی اصلاحات اوراقدامات کیے گئے ہیں کہ اب پنجاب کا کوئی ذہین اورباصلاحیت بچہ محض مالی مشکلا ت کی وجہ سے اعلی اورمعیاری تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مستقل بنیادوں پر قائم کیے گئے تعلیمی فنڈ کو سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر صرف اورصرف فروغ تعلیم کے لیے میرٹ کی بنیاد پر صرف کیا جاتا ہے اور اس تعلیمی فنڈ کی خوبی یہ بھی کہ اس سے صرف پنجاب کے ہونہار ،کم وسیلہ طلبا و طالبات ہی مستفید نہیں ہو رہے بلکہ آزاد کشمیر سمیت دیگر صوبوں کے بچے اور بچیاں بھی اس سے فائدہ اٹھارہی ہیں۔

تعلیمی فنڈ کا قیام حکومت پنجاب کا ایسا اقدام ہے جس سے نہ صرف تعلیم کو فروغ بلکہ قومی یکجہتی کا عمل بھی مستحکم ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک مربوط پروگرام کے تحت سکولوں میں اساتذہ اورطلباء کی حاضری یقینی بنانے،عدم دستیاب تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور اساتذہ کی تربیت کے جامع پروگرام پر عمل کیا جارہا ہے ۔سکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں اور رواں مالی سال جنوبی پنجاب کے تمام بوائز سکولز اور پنجاب بھر کے تمام گرلز سکولوں میں چار دیواری ،پانی ،بجلی اوردیگر سہولیات کی فراہمی کا کام مکمل ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کی بر وقت تکمیل اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔اراکین اسمبلی ،مسلم لیگی عہدیداروں اورکارکنوں نے عوامی خدمت کے شاندار پروگراموں پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ نے دن رات صوبے کی عوام کی خدمت کر کے اپنے لیے چنے گئے ”خادم پنجاب “ کے لقب کی لاج رکھ لی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ،دانش سکول،میٹروبس ،ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی جیسے انقلابی پروگراموں پر عوام خادم پنجاب کو جھولیاں اٹھا کر دعائیں دے رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں