لاہور،ڈاکٹرزموسمی امراض سے بچاوٴ کے بارے مریضوں کو آگاہ کریں‘ پرنسپل جنرل ہسپتال، ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس پوری طرح تیار ہیں،نرسیں مریضوں کے چارٹ مکمل رکھنے پر پوری توجہ دیں ‘ پروفیسر انجم حبیب وہرہ

جمعہ 28 مارچ 2014 19:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2014ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے معالجین پر زور دیا کہ وہ مریضوں کو موسمی امراض سے بچاوٴ کے لیے احتیاطی تدابیر، مرض کی علامات، علاج اور ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کے لیے صاف ستھرے ماحول کی اہمیت سے ضرور آگاہ کریں۔ جنرل ہسپتال میں جدید آلات سے لیس ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بھی ضرورت پڑنے پر ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

وہ گذشتہ روز ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں پروفیسرز، ڈائریکٹر زایمرجنسی و آؤٹ ڈور ،انتظامی ڈاکٹروں اور نرسنگ انتظامیہ نے اپنے اپنے شعبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈینگی سے نمٹنے کی تمام تیاریا ں مکمل کر لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے نرسنگ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے چارٹ مکمل رکھنے پر پوری توجہ دیں کیونکہ یہ ریکارڈ مریض کی شفایابی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے اجلاس میں موجود ایمر جنسی اور آؤٹ ڈور کے ڈائریکٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ موسمی امراض سے بچاؤ کی ادویات کی وافر مقدار میں موجودگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اہل پنجاب کو ڈنگی سے بچانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور ان کی کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام محکمے ان کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں خصوصاً طب سے وابستہ افراد کا ڈینگی کے تدارک میں کردار سب سے اہم اور کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسوں کے علاوہ پیرامیڈکس کا بھی ڈینگی کے خلاف مہم میں بنیادی کردار ہے اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک ہسپتال کے تمام پیرا میڈکس کو ڈینگی کے بارے میں مزید لیکچرز دیئے جائیں گے اور ان کی اس حوالے سے مکمل تربیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس امرکو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ہسپتال میں کام کرنے والا کوئی فرد ڈینگی کی تربیت سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایس اور ایڈیشنل ایم ایس حضرات ادارے میں صفائی ستھرائی کے انتظام کو مزید موثر بنائیں اور سینٹری انسپکٹرز کے زریعے حفظان صحت کے اصولوں کو اپناتے ہوئے ہسپتال کے کونے کونے کو صاف ستھرا رکھنے کو یقینی بنایا جائے ،خصوصاً سی اینڈ ڈبلیو کے تعمیراتی کام میں مصروف اہلکاروں کو ہسپتال میں کہیں بھی پانی کھڑا کرنے سے روکا جائے تاکہ ڈینگی کے خطرات کو کم سے کم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں