پنجاب حکومت موٹروے کے قریب سٹیٹ آف دی آرٹ قائد اعظم اپیرل پارک بنا رہی ہے،شہبازشریف ،چین کا رویائی گروپ قائداعظم اپیرل پارک میں انفراسٹرکچر کی فراہمی میں سرمایہ لگائے گا: وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 27 مارچ 2014 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت موٹروے کے قریب سٹیٹ آف دی آرٹ قائداعظم اپیرل پارک قائم کر رہی ہے، اپیرل پارک منصوبہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، چین کے معروف گروپ شین ڈونگ رویائی نے پنجاب میں ٹیکسٹائل اور توانائی سیکٹر میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے، رویائی گروپ قائداعظم اپیرل پارک میں انفراسٹرکچر کی فراہمی میں بھی سرمایہ لگائے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا جس میں پنجاب حکومت کے وفد کے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کا پاکستانی برآمدات میں بہت بڑا حصہ ہے اور یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ٹیکسٹائل شعبے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ زرمبادلہ میں اضافہ ہو اور روزگار کے مواقع بڑھیں۔

(جاری ہے)

یہ بات خوش آئند ہے کہ رویائی گروپ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں ٹیکسٹائل زون قائم کرے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اپیرل پارک کی ڈیزائننگ اور ڈویلپمنٹ کا کام تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے اور اپیرل پارک میں ہارٹیکلچر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ اپیرل پارک میں صنعتوں کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پاو رپلانٹس کی منصوبہ بندی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ رویائی گروپ قائداعظم اپیرل پارک میں 70 میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ بھی لگائے گا۔ رویائی گروپ اور پنجاب حکومت میں ٹیکسٹائل اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ قائداعظم اپیرل پارک میں سکل ڈویلپمنٹ کا سینٹر بھی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق نے بتایا کہ رویائی گروپ نے فیصل آباد انڈسٹریل زون میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ چین کا حالیہ دورہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق انتہائی کامیاب رہا۔ اجلاس میں ایم پی اے عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، قائداعظم اپیرل پارک بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں