حنا پرویز بٹ نے جعلی پیروں کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء کار جمع کرادی

جمعرات 27 مارچ 2014 15:29

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ 2014ء) مسلم لیگ (ن)کی ممبرصوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب بھر میں جعلی پیروں کی بھرمار ، سادہ لوح عوام کو لوٹنے اور جادو ٹونے کے ذریعے گھروں میں نفاق اور لڑائیاں پیدا کرنے جبکہ تعویذ گنڈوں کیلئے بچوں کو قتل کر کے ان کے خون سے عملیات لکھنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء کار جمع کرا دی ۔

اپنی تحریک میں حنا پرویز بٹ نے کہا میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں درندہ صفت انسان کے ہاں کوئی اولاد نہ تھی جس پر وہ جعلی پیر کے پاس گیاجس نے اسے کہا کہ آپ کسی بچے کی گردن کا خون لائیں اس سے تعویذ لکھ کر دونگا تو آپ کے ہاں اولاد پیدا ہو گی ۔تو اس درندہ صفت انسان نے ہمسائیے کی 4سالہ بچی کو ذبح کر کے اس کی نعش جنگل میں پھینک دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ایک واقعہ نہیں ہے بلکہ اس طرح کے جعلی پیروں کی وجہ سے بے شمار گھر اجڑ چکے ہیں اور آج تک ان جعلی پیروں کے خلاف کوئی موٴثر ایکشن نہیں ہوا۔ پنجا ب بھر میں جعلی پیروں کی بھرمار ہے اور آئے روز ان کے اشتہارات بھی چھپتے رہتے ہیں بلکہ اب تو اس کاروبار نے انڈسٹری کی شکل اختیار کر رکھی ہے۔ ان اشتہارت سے مرعوب ہو کر سادہ لوح عوام ان کے جال میں آ جاتے ہیں ۔

پھر یہ معاشرے کے بدنما داغ جعلی پیر ، عورتوں کی عزتوں سے کھیلتے ہیں ، جادو ٹونے کے ذریعے لوگوں کے گھروں میں نفاق اور لڑئیاں پیدا کرواتے ہیں حتیٰ کہ ظلم اور بربریت کی حدیں پھلانگ کر مذکورہ جیسے واقعہ جیسے واقعات رونما کرواتے ہیں ۔لیکن یہ اتنے با اثر ہیں کہ کبھی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اگر کبھی کبھارکوئی ان پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کرے تو گرفتاری سے پہلے ہی ان کے سفارشی پہنچ جاتے ہیں۔ان دل ہلا دینے والے واقعات سے پنجا ب بھر کی عوام ایک شدید خوف و ہراس اور بے چینی پائی جاتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں