قطر کے بعد دیگر ممالک کی کئی ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود ،شہبازشریف کی کھیل کے میدان آباد کرنے کی سوچ کام کر گئی ، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو گئی ،پنجاب یوتھ فیسٹیول میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا وعدہ پورا کر دیا ، ڈی جی عثمان انور کی گفتگو ،ٹی 20میچ سے قبل ایروبکس اور جمناسٹک کا مظاہرہ ، وقفہ میں وارث بیگ ارشمہ اور علی شفقت کی پرفارمنس

بدھ 26 مارچ 2014 22:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) صوبائی وزیرکھیل رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کوشش کررہے ہیں کہ قطر کے بعد دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں۔ پاکستان جونیئر اور قطر کی ٹیموں کے مابین قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقدہ میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی پاکستان کے میدانوں کی رونقین بحال کرنے کی سوچ کام کرگئی اوردنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں نے پاکستان کا رخ کرکے الحمدوللہ آج قذافی سٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو آغازفراہم کردیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سپورٹس بورڈ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین حمزہ شہباز شریف کی لیڈر شپ میں یوتھ فیسٹیول کی شہرت دنیا بھر میں پھیل چکی ہے اور خوشی کی بات ہے کہ یوتھ فیسٹیول دنیا میں شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور اس بلندی میں بھارت سمیت مختلف ممالک کی ٹیموں نے شرکت کرکے یوتھ فیسٹیول کی رونق کو دوبالا کیا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود خاں کا کہنا تھا کہ بھارت کا 72 رکنی دستہ یوتھ فیسٹیول میں شرکت کرچکا ہے انٹر نیشنل مرحلے میں بھی بھارت سمیت کئی ممالک کے کھلاڑی پاکستان آنے کے لئے رضامند ہیں۔

امید ہے کہ یوتھ فیسٹیول کے بین الاقوامی مرحلے میں 40 سے زائد ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے ۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی کامیابی کے بعد ہماری کوشش ہوگی کہ ہم پی سی بی حکام سے مل کر ملک میں انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد کو یقینی بنائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کھیل کی سرگرمیاں بحال ہوئیں ہیں جوکہ بڑی خوش آئندہیں۔

یوتھ فیسٹیول کے ذریعے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا وعدہ پورا کردیا ہے ۔ انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول میں کئی ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی جو کرکٹ ،ہاکی ، فٹ بال اور دیگر کھیلوں میں شرکت کریں گی۔ پاکستان جونیئر اور قطر کی ٹیموں کے مابین ہونے والے واحدٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کا آغاز رنگا رنگ تقریب سے ہوا جس میں گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول کی طالبات نے ایروبکس کا شاندار مظاہر ہ کیا لاہور جمناسٹک ایسوسی ایشن کی جانب سے بچوں نے جمناسٹک کا مظاہرہ پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا ۔

میچ کے آغاز سے قبل رنگ برنگے غبارے ہوا میں چھوڑ کر قذافی سٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو خوش آمدید کہا گیا میچ کے وقفے کے دوران علاقائی رقص اور موسیقی سے حاضرین لطف اندوز ہوئے اور موسیقی کی دھنوں پر طالبات جھومتی رہیں جس کے بعد چاروں صوبوں کے لوک رقص بھی پیش کئے گئے ۔ میچ کے وقفے میں ارشمہ، وارث بیگ، علی شفقت نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کرکٹ کو خوب لطف اندوز کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں