پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کررہی ہے،شہبازشریف ، ٹھوس معاشی پالیسوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،چین کے سرمایہ کاری پیکیج کے تحت 20ہزار میگا واٹ کے بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے،معروف چینی کمپنی فیصل آباد کے ا نڈسٹریل زون میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور اپیرل پارک میں انفراسٹرکچر کی فراہمی میں تعاون کریگی،شہبازشریف نے صوبے میں گڈ گورننس کی مثال قائم کی ہے،ان کی کارکردگی سب کیلئے رول ماڈ ل ہے،صدر امریکن بزنس کونسل

پیر 24 مارچ 2014 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے امریکن بزنس کونسل کے صدر سعد امان اللہ خان کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے ا قدامات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی-صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق، ایم پی اے عائشہ غوث پاشا، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاوہ امریکن بزنس کونسل کے وفد کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ امریکن بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات فراہم کی جارہی ہیں- حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انتہاپسندی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چین نے پاکستان کیلئے 32 ارب ڈالر کے تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج کی پیشکش کی ہے۔چین کے سرمایہ کاری پیکیج کے تحت توانائی سیکٹر میں 20 ہزار میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ چین کی معروف کمپنی فیصل آباد کے انڈسٹریل زون میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ چینی کمپنی نے لاہور کے قائداعظم اپیرل پارک میں بھی انفراسٹرکچر کی فراہمی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہموٹروے کے قریب بننے والا قائداعظم اپیرل پارک خطے میں اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہوگاجہاں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی صنعت کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں فراہم کی جائیں گی- جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں قائد اعظم اپیرل پارک کے قیام کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے- انہوں نے کہاکہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے بھی دن رات کوشا ں ہے اور چولستان میں قائد اعظم سولر پارک کے منصوبے پر برق رفتاری سے کام جاری ہے - پنجاب حکومت قائد اعظم سولر پارک میں ایک سو میگاوٹ کا سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگا رہی ہے جس کا کنٹریکٹ بہت جلد ایوارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ مجموعی طو رپر قائد اعظم سولر پارک سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی- اسی طرح پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے لئے 6مقامات کا انتخاب کیا گیاہے -پنجاب حکومت ساہیوال میں اپنے وسائل سے 660میگا واٹ کے 2کول پاور پلانٹس لگائے گی- انہوں نے کہاکہ حکومت کی کاوشوں کے باعث متعدد غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں-امریکن بزنس کونسل کے صدر سعد امان اللہ خان اور وفد کے دیگر ارکان نے کہا کہ ہم سب کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے بہت توقعات ہیں اور موجودہ حکومت کے دور میں سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں- انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے گڈگورننس کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کارکردگی سب کیلئے رول ماڈل ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں